ایٹمی معاہدے کے بارے میں رائٹر سے جان کری کی گفتگو
Aug ۱۲, ۲۰۱۵ ۰۳:۵۹ Asia/Tehran
امریکہ کے وزیر خارجہ نے منگل کو رائٹر کو انٹرویو دیتے ہوئے ایران کے ایٹمی پروگرام کے بارے میں بے بنیاد دعوے دہرائے اور کہا کہ تہران ایٹمی ہتھیاروں کے حصول کی کوشش کرتا رہا ہے-
امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے ایران کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے ایٹمی معاملے میں فوجی آپشن، اب بھی میز پر ہے لیکن پہلے ہم ایران کے ساتھ سفارتکاری کے آپشن کا پوری طرح جائزہ لینا چاہتے ہیں تاکہ فوجی آپشن استعمال کرنے کی ضرورت باقی نہ رہ جائے- واضح رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے اپنے پرامن ایٹمی پروگرام کے بارے میں امریکہ، صیہونی حکومت اور اس کے اتحادی ممالک کے بے بنیاد دعؤوں کو ہمیشہ مسترد کیا ہے- ایران، ایٹمی ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کے معاہدے پر دستخط کرنے والے ملکوں میں شامل ہے اور اس بنیاد پر اسے پرامن مقاصد کے لئے ایٹمی توانائی سے استفادے کا مکمل حق حاصل ہے- جان کیری نے اپنے اس انٹرویو میں امریکہ کے لئے ایٹمی معاہدے کی عدم منظوری کے نتائج سے متعلق بھی بات کی اور کہا کہ ہمیں اس معاہدے کو سیاسی نہیں بنانا چاہئے، عوام کو کانگریس کی جانب سے مشترکہ جامع ایکشن پلان کو مسترد کئے جانے کے انجام کے تمام پہلؤوں پر غور کرنا چاہئے- انھوں نے کانگریس میں مشترکہ جامع ایکش پلان کی عدم منظوری کے نتائج کے بارے میں کہا کہ اگر ہم معاہدے سے پیچھے ہٹ جائیں تو پھر ڈالر، دنیا کی اصلی کرنسی کے طور باقی نہیں رہ جائے گا- امریکہ کے وزیر خارجہ جان کیری نے کہا کہ اگر کانگریس، ایران کے ایٹمی معاہدے کو مسترد کرتی ہے تو پھر امریکہ اپنے اتحادیوں کو تہران کے ساتھ لین دین سے بھی نہیں روک سکے گا- انھوں نے مزید کہا کہ ایران کے ساتھ ایٹمی معاہدے سے امریکہ کے پیچھے ہٹنے کی صورت میں یورپی ممالک امریکی پابندیوں کی حمایت نہیں کریں گے یہاں تک کہ وہ، روس کے خلاف امریکہ کی قیادت میں عائد کی جانے والی پابندیوں سے بھی کنارہ کشی اختیار کرلیں گے-