امریکہ، فرگوسن میں ہنگامی حالت میں توسیع کا اعلان
Aug ۱۳, ۲۰۱۵ ۰۵:۰۶ Asia/Tehran
امریکی پولیس نے شہر فرگوسن میں ہنگامی حالت میں توسیع کا اعلان کر دیا-
فرانس پریس کی رپورٹ کے مطابق سن لوئیس علاقے کے ایک سرکاری عہدیدار اسٹیو اسٹینگر نے کہا ہے کہ گذشتہ دو راتوں کے واقعات کا جائزہ لینے کے بعد سیکورٹی حکام نے ہنگامی حالت میں توسیع کا اعلان کر دیا تاکہ ہر طرح کے تشدد آمیز اقدامات کی روک تھام کی جا سکے- اسٹینگر نے مزید کہا کہ ہنگامی حالت کا نفاذ کم سے کم چوبیس گھنٹوں کے لئے بڑھایا جا رہا ہے- مقامی حکام نے اعلان کیا ہے کہ پیر کی شام رونما ہونے والے پر تشدد واقعات کے بعد، جو کچھ افراد کی گرفتاری پر منتج ہوئے، منگل کی شام شہر کی صورت حال قدرے پرسکون رہی- قابل ذکر ہے کہ شہر فرگوسن کے سفید فام پولیس افسر کی گولیوں کا نشانہ بن کر ہلاک ہونے والے سیاہ فام امریکی نوجوان کی پہلی برسی کی مناسبت سے کئے جانے والے مظاہرے، تشدد کی شکل اختیار کر گئے جس کے بعد ریاست میسوری کے ضلع سن لوئیس میں میں بھی ہنگامی حالت کا اعلان کرنا پڑا- مائیکل براؤن کی پہلی برسی کے موقع پر ہونے والے مظاہروں کے دوران اٹھارہ سالہ امریکی نوجوان ٹائرن ہیرس بھی پولیس کی فائرنگ میں شدید طور پر زخمی ہو گیا-