ایران کو S-300 میزائلوں کی فروخت پابندیوں کی خلاف ورزی نہیں: امریکا
Aug ۱۹, ۲۰۱۵ ۰۸:۳۲ Asia/Tehran
امریکی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ ایران کو ایس تھری ہنڈریڈ میزائلوں کی فروخت سلامتی کونسل کی پابندیوں کی خلاف ورزی نہیں ہے-
ارنا کی رپورٹ کے مطابق امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان جان کربی نے منگل کے روز پریس کانفرنس میں کہا کہ روس کی طرف سے ایران کو ایس تھری ہنڈریڈ میزائل سسٹم کی فروخت تہران کے خلاف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی پابندیوں میں شامل نہیں ہے- امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ وزیر خارجہ جان کیری اس سے پہلے ایران کو دفاعی میزائل سسٹم کی فراہمی سے متعلق واشنگٹن کی تشویش کے بارے میں روس کے وزیر خارجہ کے ساتھ بات چیت کر چکے ہیں- انہوں نے اس بات کا اعتراف کرتے ہوئے کہ ایران کے ساتھ ہونے والا ایٹمی معاہدہ صرف ایران اور امریکا کے درمیان ہونے والا معاہدہ نہیں بلکہ ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان ہونے والا معاہدہ ہے، اس معاہدہ میں روس کے تعمیری کردار کی تعریف کی-