اقوام متحدہ شام میں کیمیاوی حملوں کی تحقیقات کرے گا: بان کی مون
Aug ۲۸, ۲۰۱۵ ۱۵:۰۵ Asia/Tehran
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے شام میں کیمیاوی ہتھیار استعمال کئے جانے کی تحقیقات کے لئے ایک ٹیم تشکیل دینے کی خبر دی ہے-
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو بتایا ہے کہ شام میں داعش دہشت گردوں کے ہاتھوں ایک بار پھر مسٹرڈ گیس کے حملے سے متعلق خبریں سامنے آنے کے بعد، اس کی تحقیقات کے لئے تین افراد پر مشتمل ایک ٹیم تشکیل دی جائے گی- یہ تحقیقاتی کمیٹی اس بات کا پتہ لگائے گی کہ شام میں مسٹرڈ گیس کا حملہ کرنے والے عناصر کون تھے- اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے گذشتہ مہینے شام میں مہلک کیمیاوی حملوں کے ذمہ داروں کا پتہ لگانے کے لئے ایک قرار داد منظور کی تھی- بان کی مون نے سات صفحات پر مشتمل ایک خط میں اس کمیٹی کی ذمہ داریوں کی وضاحت کی ہے- اس کمیٹی کے اراکین کا تعین، سلامتی کونسل کی موافقت کے بعد کیا جائے گا- ڈاکٹروں کی بین الاقوامی تنظیم نے رواں ہفتے کے شروع میں شام کے شمالی علاقے حلب کے مضافات میں واقع شہر مارع میں ایسے مریضوں کا علاج کرنے کی خبر دی ہے جن میں کیمیاوی مواد کے اثرات دیکھے گئے ہیں- شامی اور امریکی ڈاکٹروں کی تنظیم پہلے ہی کہہ چکی ہے کہ داعش نے مسٹرڈ گیس کو کیمیاوی ہتھیار کے طور پر استعمال کیا ہے- دو ہفتے قبل بھی ایسی رپورٹیں ملی تھیں جن میں کہا گیا ہے کہ داعش دہشت گردوں نے عراقی کردستان کے جوانوں کے خلاف مسٹرڈ گیس کے حملے کئے ہیں-