عید نوروز، موسم بہار کا پہلا دن
https://urdu.sahartv.ir/radio/sahar_blog-i276142-عید_نوروز_موسم_بہار_کا_پہلا_دن
تحریر : حسین اختر رضوی
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Mar ۱۹, ۲۰۱۷ ۱۸:۵۰ Asia/Tehran
  • عید نوروز، موسم بہار کا پہلا دن

تحریر : حسین اختر رضوی

نوروز ایرانیوں کی قدیمی عید ہے جسے وہ بڑے ہی جوش وخروش کے ساتھ مناتے ہیں۔

عید نوروز فروردین ماہ کی پہلی تاریخ (عموما اکیس مارچ) اور موسم بہار کا پہلا اور خوشگوار دن ہے۔ بہار کا موسم انسانی، حیوانی اور نباتی صحت کے لئے انتہائی فائدہ مند ہوتا ہے۔ نئی کونپلیں اور شگوفے موسم بہار کی نوید سنا رہے ہیں اس موسم میں پیڑ پودے اپنا لباس دلکشی سے تبدیل کرتے ہیں اور دیکھنے والوں پر مسرت و سحر انگیزی کے نقوش چھوڑ جاتے ہیں۔ حیرت انگیز تبدیلیوں پر مبنی اس موسم  میں پوری کائنات زندہ ہوجاتی ہے اور پتھرکا دل  بھی موم ہوجاتا ہے اور اس سے تبدیلی کے چشمے پھوٹتے ہیں تازہ اور نئی کونپلوں  سےآب حیات کے قطرے ٹپکتے ہیں، موسم بہار قدرتی جلوؤں کا خوبصورت اور خوشگوار دن  ہے، موسم بہار کے آتے ہی سرد اور منجمد زمین دوبارہ زندہ ہوجاتی ہے۔ عید نوروز صرف ایران تک محدود نہیں ہے بلکہ  جہاں جہاں فارسی زبان بولی جاتی ہے وہاں بھی اس کے اثرات پائے جاتے ہیں جیسے تاجیکستان، افغانستان اور آذر بائیجان۔ ہندوستان اور پاکستان کے بعض علاقوں کے لوگ بھی اس دن کو جشن اور تہوار کے طور پر  مناتے ہیں ۔

موسم بہار کے آتے ہی تمام چیزوں میں تبدیلی آجاتی ہے موسم بہار جہاں  موسم خزاں  اور موسم سرما کی سختیوں کے خاتمےاور موسم گرما کی آمد کی یاد دہانی کراتا  ہے  وہیں خدا پرست انسان کو موسم بہار میں آنے والی تبدیلیوں سے عبرت حاصل کرکے  باطنی طور پر اپنے اندر تبدیلی لانے کی طرف  بھی متوجہ کردیتا ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای ہر نئے سال  کے آغاز  پر باطنی تبدیلیوں کی ضرورت پر تاکید کرتے ہیں اور فرماتے ہیں کہ ہر نئے شمسی سال کا عالم طبیعت و فطرت میں تبدیلی کے ساتھ آغاز ہوتا ہے ایک بہترین موقع ہے کہ انسان باطنی طورپر اپنے اندر تبدیلی لائے نیز روحانی، معنوی فکری اور مادی امور کی اصلاح کرے۔ سال کے  آغاز پر جو دعا پڑھی جاتی ہے اس میں انسان کو ان ہی تبدیلیوں کی طرف متوجہ کرایا  گیا ہے۔ اس دعا میں ہم خدا سے چاہتے ہیں کہ وہ ہمارے روحانی اور نفسانی حالات میں تبدیلی لائے اور ہمارے حالات کو بہترین حالات میں تبدیل کردے۔

بسم اللہ الرحمن الرحیم یا مقلب القلوب و الابصار یا مدبر اللیل والنہار یا محول الحول و الاحوال حول حالنا الی احسن الحال۔ اے دلوں اور آنکھوں  کومنقلب کرنے والے! اے شب و روز کے مدبر! اے حالات کو بدلنے والے! ہمارے حالات کو اچھے اور بہتر حالات میں تبدیل کردے۔