Sep ۱۷, ۲۰۱۹ ۱۷:۱۸ Asia/Tehran
  • سعودی عرب کے خفیہ ایٹمی پروگرام پر ایران کا اظہار تشویش

اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب نے ایٹمی انرجی کی عالمی ایجنسی کے عام اجلاس میں سعودی عرب کے خفیہ ایٹمی پروگرام اور علاقے پر اس کے منفی اثرات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب کاظم غریب آبادی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ سعودی عرب، پوری طرح ایک خفیہ ایٹمی پروگرام پر عمل کر رہا ہے تاکید کی کہ عالمی برادری کو چاہئے کہ وہ سعودی عرب پر واضح کردے کہ پرامن ایٹمی پروگرام میں ذرہ برابر انحراف یا دہشتگرد گروہوں کو ریڈیو اکٹیو مواد کی منتقلی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب نے قطر سے ملحق اپنی سرحدوں میں ٹنل کھودنے کی جانب بھی اشارہ کیا اور کہا کہ اس ٹنل کا کچھ حصہ ایٹمی فضلے کی تنصیبات کے لئے استمعال کیا جائے گا- 
غریب آبادی نے تاکید کے ساتھ کہا کہ سعودی عرب کےغیرذمہ دارانہ اقدامات اور رویہ نہ صرف اپنی قوم اور ماحولیات کے لئے بلکہ علاقے اور پڑوسی ممالک کی سیکورٹی کو بھی نقصان پہنچائےگا- 
اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب نے امریکہ کی جانب سے سعودی عرب کی حمایت کی جانب اشارہ کیا اور کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ سعودی عرب کے غیرذمہ دارانہ رویے اور غیرشفاف ایٹمی پروگرام کو تجارت و منفعت کی نظر سے دیکھتے ہیں اور اس کی حمایت کرتے ہیں۔