Jan ۰۲, ۲۰۲۶ ۲۱:۳۸ Asia/Tehran
  •  شہید جنرل قاسم سلیمانی کی چھٹی برسی، صدر سمیت اعلی عہدہ داروں نے خراج عقیدت پیش کیا

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی قدس فورس کے کمانڈر شہید جنرل قاسم سلیمانی کی چھٹی برسی کے موقع پر تہران کے مصلائے امام خمینی میں ایک پروگرام کا انعقاد کیا جس میں صدر مملکت ڈاکٹر مسعود پزشکیان سمیت اعلی سول اور عسکری عہدایداروں نے شرکت کر کے شہید قاسم سلیمانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔

سحرنیوز/ایران: موصولہ رپورٹ کے مطابق اس پروگرام میں صدر مملکت ڈاکٹر مسعود پزشکیان، عدلیہ کے سربراہ حجت الاسلام محسنی اژه‌ای، سپاہ قدس کے سربراہ جنرل اسماعیل قاآنی، سپاہ پاسداران انقلاب کے نائب سربراہ جنرل احمد وحیدی، جنرل شیرازی، جنرل ایرج مسجدی، جنرل حسن زادہ، حجت الاسلام شیرازی، شہید قاسم سلیمانی کے اہل خانہ اور مقاومت کے حامی ممالک سے تعلق رکھنے والے مہمان بھی شریک ہوئے۔

اس موقع پر حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے شہید جنرل قاسم سلیمانی کو اخلاق، صداقت، شجاعت، حق پرستی اور مظلوموں کے عملی دفاع کا بے مثال نمونہ قرار دیا اور کہا کہ آج ہم شہید سلیمانی کے راستے پر متحد ہیں۔

 

شہید قاسم سلیمانی کسی سیاسی جماعت، گروہ یا فریق کی جانب سے تعریف پر خوش نہیں ہوتے تھے بلکہ وہ امام خمینی کے راستے کے پیروکار اور رہبر معظم انقلاب کے مکمل مطیع تھے اور کسی دعوے، نام و نمود یا شہرت کے بغیر ہر موقع پر حاضر رہتے تھے۔ صدر مسعود پزشکیان نے عالمی سطح پر شہید سلیمانی کی حیثیت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ عظیم شہید نہ صرف ایران بلکہ دنیا بھر میں مزاحمت اور انسانیت کے دفاع کا نمونہ بن گئے؛ یہاں تک کہ امریکہ کے اندر بھی ان کی شہادت کے بعد ان کی یاد میں پروگرام منعقد کیے گئے۔

 

ہمیں فالو کریں: 

Follow us: FacebookXinstagram, tiktok  whatsapp channel

خاتم الانبیاء ہیڈکوارٹر کے کمانڈر جنرل مصطفیٰ ایزدی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہید سلیمانی جیسے عظیم شہداء نے بنیادی کردار ادا کرتے ہوئے اسلامی محاذ کو ترقی دی اور آج بھی ان کی پاکیزہ ارواح اس راستے کی رہنمائی کر رہی ہیں، جو اللہ کے فضل سے بالآخر فتح پر منتج ہو گا۔سپاہ پاسداران انقلاب کے نائب سربراہ جنرل احمد وحیدی نے اس حوالے سے کہا کہ شہید جنرل حاج قاسم سلیمانی کا راستہ اور مکتب کبھی ترک نہیں کیا جائے گا، اور ہم پوری طاقت کے ساتھ اس عظیم شہید کے مشن اور نظریات کو آگے بڑھاتے رہیں گے۔

شہید جنرل قاسم سلیمانی کی صاحبزادی زینب سلیمانی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب ہم حاج قاسم کا ذکر کرتے ہیں تو محض ایک عسکری کمانڈر کی بات نہیں کرتے، بلکہ ایک ایسی شخصیت کی بات کرتے ہیں جو سلامتی، قومی یکجہتی کے دفاع اور تسلط کے خلاف مزاحمت کی علامت بن چکی ہے۔

کرمان میں شہید قاسم سلیمانی کا مزار

انہوں نے مزاحمتی محاذ کے شہداء خصوصا شہید سید حسن نصراللہ، شہید سید ہاشم صفی الدین، شہید اسماعیل ہنیہ اور شہید یحیی سنوار کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان شہداء نے اپنی جانوں کی قربانی دے کر ایک بار پھر دنیا کو مزاحمت کے راستے کی حقانیت اور اقوام کی عزت، وقار اور استقلال کے دفاع کی اہمیت یاد دلائی ہے۔

واضح رہے کہ شہید قاسم سلیمانی اور شہید ابومہدی المہندس کو امریکہ نے عراق کے دارالحکومت بغداد میں چھے سال قبل اس وقت دہشت گردانہ حملے کا نشانہ بنا کر شہید کر دیا تھا جب وہ عراقی حکومت کی سرکاری دعوت پر بغداد پہنچے تھے۔

 

ٹیگس