ویانا ایٹمی معاہدے کے مخالفین کو امریکا کا انتباہ
Aug ۱۵, ۲۰۱۵ ۰۹:۳۹ Asia/Tehran
امریکا کے نائب صدر کے قومی سلامتی کے مشیر نے انتباہ دیا ہے کہ امریکی کانگریس میں ویانا ایٹمی معاہدے کو مسترد کئے جانے کی صورت میں امریکی اقتصاد کو سنگین مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے-
اطلاعات کے مطابق امریکا کے نائب صدر جو بائیڈن کے قومی سلامتی کے مشیر کولن کال نے کہا کہ امریکی کانگریس میں ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان ہونے والے معاہدے کو مسترد کئے جانے کی صورت میں ہو سکتا ہے کہ عالمی برادری امریکا کے ساتھ مالی لین دین روک دے- انہوں نے کہا کہ اگر امریکا ہمیشہ ملکوں کو یہ دھمکی دیتا رہا کہ امریکا کے ساتھ تجارت کے لئے وہ دیگر ممالک کے ساتھ تجارت نہیں کر سکتے تو کسی وقت یہ بھی ہو سکتا ہے کہ ممالک امریکا کے ساتھ مالی لین دین بند کر دیں- منگل کے روز امریکا کے وزیر خارجہ جان کیری نے بھی اسی طرح کے ایک بیان میں خبر دار کیا تھا کہ امریکی کانگریس میں ویانا ایٹمی معاہدہ نامنظور کئے جانے کی صورت میں ڈالر دنیا کی اصل کرنسی نہیں رہے گا- امریکی کانگریس کے اراکین، جو ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان ہونے والے ایٹمی معاہدے کے مخالف ہیں، اس معاہدے کو مسترد کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں البتہ صدر باراک اوباما نے کہہ دیا ہے کہ کانگریس میں ایٹمی معاہدے کو مستر کئے جانے کی صورت میں وہ ویٹو کا حق استعمال کریں گے-