امریکہ میں اسلام کے حقائق سے متعلق تشہیراتی بل بورڈ
Sep ۰۵, ۲۰۱۵ ۱۷:۵۵ Asia/Tehran
امریکہ میں قائم اسلامک سرکل آف نارتھ امریکہ نامی اسلامی تنظیم نے ملک بھر میں اسلام اور پیغمبر اکرم (ص) کے بارے میں حقائق پر مشتمل تشہیراتی بل بورڈ نصب کر دیئے ہیں۔
پریس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق امریکہ میں قائم اسلامک سرکل آف نارتھ امریکہ نامی اسلامی تنظیم کے منتظمین نے اسلام سے متعلق ایک سو تشہیراتی بل بورڈ نصب کئے ہیں۔ جن میں اسلام کو امن اور سماجی انصاف کے دین کے طور پر پیش کیا گیا ہے اور اس بات کی بھی وضاحت کی گئی ہے کہ اسلام انتہا پسندی اور تشدد کا دین نہیں ہے۔ یہ تنظیم امریکی عوام کے درمیان اسلام سے متعلق پائے جانے والے شکوک و شبہات کو دور کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ ان تشہیراتی بل بورڈز پر لکھا ہے کہ حضرت محمد (ص) امن اور سماجی انصاف کے پیغمبر تھے اور وہ ہمیشہ محبت اور امن کی تبلیغ کرتے تھے نفرت اور تشدد کی نہیں۔