آئی اے ای اے خفیہ اطلاعات کی حفاظت کو یقینی بنائے: رضا نجفی
Aug ۲۵, ۲۰۱۵ ۱۷:۲۲ Asia/Tehran
آئی اے ای اے میں ایران کے نمائندے رضا نجفی نے کہا ہے کہ آئی اے ای اے کو خفیہ اطلاعات کی مکمل حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات انجام دینے چاہییں-
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی، آئی اے ای اے، میں اسلامی جمہوریہ ایران کے نمائندے رضا نجفی نے منگل کے روز مشترکہ جامع ایکشن پلان کی شفافیت کے جائزے کے بارے میں ویانا میں منعقدہ ایجنسی کے بورڈ آف گورنرز کے خصوصی اجلاس سے خطاب کیا- انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایجنسی کو خفیہ اطلاعات کی مکمل حفاظت کی ضمانت کے ضروری اقدامات کرنے چاہئیں- انہوں نے کہا کہ کسی کی بھی طرف سے خفیہ اطلاعات کو ظاہر کرنا قابل قبول نہیں ہو گا- رضا نجفی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ایران ہمیشہ ایٹمی عدم پھیلاؤ کے بارے میں اپنے بین الاقوامی وعدوں پر عمل پیرا رہا ہے، کہا چونکہ اسلامی جمہوریہ ایران نے اپنے کسی بھی دفاعی تنصیبات میں کسی طرح کی ایٹمی سرگرمیاں کبھی بھی انجام نہیں دی ہیں اور نہ ہی دے گا اس لئے اسے یقین ہے کہ اس طرح کی تنصیبات کے معائنے کا موضوع آئی اے ای اے کے مطالبات میں شامل نہیں ہو گا- ان کا کہنا تھا کہ ایران کو یقین ہے کہ تمام فریقوں کی طرف سے مشترکہ جامع ایکشن پلان پر مکمل عمل درآمد ملت ایران، جس پر غیر منصفانہ ترین غیرقانونی دباؤ ڈالا گیا، کے اعتماد کی بحالی میں مددگار ثابت ہو گا- رضا نجفی نے کہا کہ مشترکہ جامع ایکشن پلان پر عمل درآمد علاقے کے امن کے خلاف دھمکیوں اور عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کے سلسلے میں تعاون کے نئے مواقع پیدا کرے گا-