یوکیا آمانو: ایران کے ساتھ ایٹمی سمجھوتے کی حمایت
Aug ۲۶, ۲۰۱۵ ۰۴:۵۱ Asia/Tehran
ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی کے سربراہ نے ایران کے ساتھ ایٹمی سمجھوتے کو ایک تاریخی موقع قرار دیا ہے
ارنا کی رپورٹ کے مطابق ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی کے سربراہ یوکیا آمانو نے منگل کو بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں ایران کے ساتھ ایٹمی سمجھوتے کے سلسلے میں حالیہ تنقیدوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان ایٹمی سمجھوتے میں جو طریقہ کار معین کئے گئے ہیں وہ، آئی اے ای اے کے سیکورٹی اور تکنیکی معیارات کے ہرگز منافی نہیں ہیں- یوکیا آمانو نے مزید کہا کہ ایٹمی سمجھوتے کا متن خفیہ ہے اور وہ اس کی تفصیلات فاش نہیں کر سکتے لیکن آئی اے ای اے کے سربراہ نے یقین دلایا کہ ایران کے ساتھ جو سمجھوتہ ہوا ہے وہ تکنیکی لحاظ سے مضبوط اور آئی اے ای اے کی سیف گارڈ سرگرمیوں کے ساتھ ہم آہنگی رکھتا ہے- ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی کے سربراہ یوکیا آمانو نے ایک بیان میں کہا کہ چودہ جولائی کو انھوں نے اور ایران کی ایٹمی توانائی کے ادارے کے سربراہ علی اکبر صالحی نے ایسے روڈ میپ پر دستخط کئے ہیں جس سے ایران کے ایٹمی پروگرام کی سابقہ اور موجودہ سرگرمیاں واضح ہو جائیں گی- یوکیا آمانو کے بقول اس روڈ میپ کا اصلی مقصد ایران اور آئی اے ای اے کے درمیان تعاون میں تیزی لانا اور اسے مضبوط بنانا ہے اور سنہ دوہزار پندرہ تک باقی تمام مسائل حل ہو جائیں گے- اسلامی جمہوریہ ایران نے پندرہ اگست کو آئی اے ای اے کے سامنے کچھ دستاویزات کے ساتھ ایک جامع وضاحت پیش کی ہے جس کا جائزہ لیا جا رہا ہے-