تیل اور گیس کے شعبے میں ایران کی ترقی
https://urdu.sahartv.ir/news/annalys-i279426-تیل_اور_گیس_کے_شعبے_میں_ایران_کی_ترقی
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے اتوار کے دن ایران کے جنوبی علاقے عسلویہ میں جنوبی پارس گیس فیلڈ کے فیز نمبر سترہ، اٹھارہ، انیس، بیس اور اکیس کا افتتاح کیا ہے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Apr ۱۶, ۲۰۱۷ ۱۱:۵۳ Asia/Tehran
  • تیل اور گیس کے شعبے میں  ایران کی ترقی

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے اتوار کے دن ایران کے جنوبی علاقے عسلویہ میں جنوبی پارس گیس فیلڈ کے فیز نمبر سترہ، اٹھارہ، انیس، بیس اور اکیس کا افتتاح کیا ہے۔

ان کا افتتاح ہونے سے روزانہ  ایک سو پچاس ملین میٹر مکعب گیس داخلی استعمال کے لئے حاصل ہوگی۔ اس طرح ایران اس مشترکہ گیس فیلڈ سے گیس نکالنے میں قطر کے قریب پہنچ جائے گا۔ رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے نئے ایرانی سال کے آغاز پر ا پنے بیانات میں اس سال کو اقتصادی میدان میں اقدامات کے لحاظ سے اہم سال قراردیا ہے اور دنیا میں مجموعی طور پر تیل اور گیس کے ذخائر کے لحاظ سے ایران کے پہلے نمبر پر ہونے  کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ اسی وجہ سے ایران پر تسلط پسند طاقتوں بالخصوص امریکہ کی نظریں لگی ہوئی ہیں کہ وہ دوبارہ ایران پر تسلط حاصل کرلیں لیکن یقینا وہ اپنی اس آرزو کو قبر میں لے کر جائیں گے۔آپ نے فرمایا کہ  استقامتی معیشت کی بنیاد پر معیشت کو رونق اور ترقی بخشنے کے لئے جدوجہد اور جہادی ہمت کی ضرورت ہے، آپ نے اس ضمن میں  منجملہ صنعت اور گیس کے سلسلے میں نہایت اہم ارشادات فرمائے ہیں۔

پٹرولیم اور گیس سے متعلق صنعتوں میں طویل مدت ترقی کے پروگرام کے مطابق پٹروکیمیکل مصنوعات کی پیداوار میں تیس فیصد اضافہ ہوگا۔ یاد رہے وزارت پٹرولیم نے مشترکہ آئل اینڈ گیس فیلڈ سے ،  جو سمندر اور خشکی میں  ہیں، تیل اور گیس نکالنے کا پروگرام بنایا ہے۔ اس سلسلے میں جنوبی پارس گیس فیلڈ پٹرو کیمیکل صنعت نیز قدرتی گیس کی پیداوار میں اضافہ کرنے اور گیس برآمد کرنے کے لئے نہایت اہمیت کی حامل ہے۔ اتوار کو جن مرحلوں کا افتتاح کیا گیا ان میں قدرتی گیس کے علاوہ مجموعی طور پر روزانہ دولاکھ پچیس ہزار ٹن گیس کنڈنسیٹ اور ایک ہزار دو سو ٹن گندھک اور سالانہ  ساڑھے اکتیس ملین ٹن لیکویڈ گیس اور تین ملین ٹن ایتھین حاصل ہوگی۔ان مرحلوں کے کام کرنے سے روزانہ چھے ملین ڈالر آمدنی ہوگی۔ آج اسلامی جمہوریہ ایران کی پٹرو کیمیکل صنعت کے لئے بھی ایک اچھا اور اہم دن ہے۔ صدر مملکت نے جنوبی صوبے بوشہر کا دورہ کرکے پٹرو کیمیکل صنعت کے چار پروجیکٹوں کا افتتاح کیا ہے۔ ان چار منصوبوں کے افتتاح سے مجموعی طور پر پٹروکیمیکل کی مصنوعات اور پالمیرس کی پیداوار میں تقریبا بیس لاکھ ٹن کا اضافہ ہوجائے گا۔

وزارت تیل کے اعداد وشمار کے مطابق جنوبی پارس گیس فیلڈ میں جب سے پہلے مرحلے کا افتتاح ہوا ہے اس فیلڈ سے اب تک ایک ہزار ارب میٹر مکعب گیس نکالی جاچکی ہے اور اب روزانہ پانچ سو پچاس ملین میٹر مکعب گیس نکالی جاتی ہے ۔ قطر پارس جنوبی گیس فیلڈ میں ایران کا شریک ہے اور ہرروز چھے سو ملین میٹر مکعب گیس نکالتا ہے۔ماہرین کے مطابق پارس جنوبی گیس فیلڈ کے چودھویں، بائیسویں تئیسویں اور چوبیسویں مرحلوں کے افتتاح سے ایران گیس نکالنے میں قطر سے سبقت لےجائے گا۔ پارس جنوبی گیس فیلڈ کے تمام مرحلوں کی تکمیل سے ایران روزانہ آٹھ سو ملین میٹر مکعب گیس نکال سکے گا۔ پارس جنوبی گیس اینڈ آئل فیلڈ کے منصوبوں کا ایسے عالم میں افتتاح ہوا ہے جب امریکہ اور اس کے اتحادیوں نے ایران پر پابندیاں لگارکھی ہیں اور ایران کو ترقی سے روکنے کی کوشش کرتے ہیں لیکن ان کے ان اقدامات سے اسلامی جمہوریہ ایران کا عزم مزید مستحکم ہوا ہے  کیونکہ آج ایران کی ایک ترجیح تیل اور گیس کے شعبے میں استقامتی معیشت کے اصولوں پر عمل کرنا ہے۔