ایران اور جرمن فضائی کمپنی کے درمیان تعاون کے معاہدے پر دستخط
https://urdu.sahartv.ir/news/echonomic_news-i215509-ایران_اور_جرمن_فضائی_کمپنی_کے_درمیان_تعاون_کے_معاہدے_پر_دستخط
ایران کی قومی ایئر لائن ہما اور جرمن فضائی کمپنی لفتھانزا نے فنی اور تجارتی تعاون کے سمجھوتے پر دستخط کیے ہیں۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Mar ۰۹, ۲۰۱۶ ۱۶:۰۹ Asia/Tehran
  • ایران اور جرمن فضائی کمپنی کے درمیان تعاون کے معاہدے پر دستخط

ایران کی قومی ایئر لائن ہما اور جرمن فضائی کمپنی لفتھانزا نے فنی اور تجارتی تعاون کے سمجھوتے پر دستخط کیے ہیں۔

سمجھوتے پر دستخط کی تقریب ایران کی وزارت ٹرانسپورٹ اور شہری ترقی کے دفتر میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر ایران کے وزیر ٹرانسپورٹ و شہری ترقی عباس آخوندی بھی موجود تھے۔

ایران کی جانب سے قومی ایئرلائن کمپنی ہما کے مینیجنگ ڈائریکٹر فرھاد پرورش اور جرمنی کی جانب سے لفتھانزا کے گروپ مینیجر ہیری ہومسٹر نے سمجھوتے کی دستاویز پر دستخط کیے۔

اس سمجھوتے کے تحت ایران کی ہما اور جرمنی کی لفتھانزا کمپنی پانچ شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں گی۔

جن شعبوں میں تعاون پر اتفاق کیا گیا ہے ان میں، فنی اور تجارتی شعبوں کے علاوہ، ایوی ایشن سسٹم، فلائٹ نیوی گیشن، اور انفراسٹرکچر کے شعبے شامل ہیں۔

دونوں فضائی کمپنیاں، ہوائی جہازوں کی مرمت اور دیکھ بھال کے میدان میں ایک دوسرے کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گی۔ ہما اور لفتھانزا نے مسافروں اور سامان کی منتقلی کے شعبوں میں بھی ایک دوسرے کے ساتھ تعاون پر اتفاق کیا ہے۔