برگزٹ کے بعد، برطانیہ کی کریڈٹ ریٹنگ منفی
کریڈٹ ریٹنگ کے دو عالمی اداروں موڈیز اور فچ نے کہا ہے کہ یورپی یونین سے علیحدگی کے بعد برطانیہ کی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔
خبروں کے مطابق یورپی یونین سے علیحدگی کے فیصلے کے بعد انویسٹرز سروس موڈیز نے برطانیہ کی کریڈٹ رینٹنگ منفی کردی ہے۔ امریکا میں قائم انویسٹرز سروس موڈیز کے مطابق یورپی یونین سے علیحدگی کی صورت میں برطانوی معیشت کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ موڈیز نے برطانوی معیشت کی کریڈٹ ریٹنگ مستحکم سے منفی کردی تاہم مجموعی طور پر اس کی درجہ بندی(AA1)برقرار رکھی ہے۔
ادارے کا کہنا ہے کہ یورپی یونین سے علیحدگی کے بعد برطانوی شرح نمو سست ہونے کا امکان ہے جبکہ اقتصادی پالیسی سازی اور ملکی اخراجات بھی متاثر ہوسکتا ہے۔
کریڈٹ ریٹنگ کے ادارے فچ نے بھی کہا ہے کہ یورپی یونین سے علیحدگی کے بعد برطانیہ میں غیر یقینی صورتحال، اعتماد کا فقدان اور سرمایہ کاری کم رہے گی جس کے نتیجے میں شرح نمو بھی متاثر ہوگی۔
ادارے کا کہنا ہے کہ برطانیہ کی معیشت میں بہتری کا دارومدار برطانیہ اور یورپی یونین کے درمیان تعلقات پر منحصر ہوگا جبکہ حکومت کی تبدیلی سے بھی ملک کے مالی معاملات میں غیر یقینی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔
اسٹینڈرڈ اینڈ پورز نے بھی کہا ہے کہ یورپی یونین سے علیحدگی کے بعد کریڈیٹ ریٹنگ میں برطانیہ کا اپنی نمایاں پوزیشن پر باقی رہنا مشکل ہے۔