لیبیا: تیل کی برآمدات کا باضابطہ طور پر آغاز
لیبیا میں تیل کی برآمدات کا سلسلہ باضابطہ طور پر شروع ہو رہا ہے۔
لیبیا کی قومی آئل کمپنی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ قومی اتحاد کی حکومت اور آئل جیٹیوں اور تیل کی تنصیبات کی حفاظت پر مامور فورسز کے ساتھ مذاکرات کے نتیجے میں ملک کے مشرقی علاقوں میں واقع تین بندرگاہوں سے بیرون ملک تیل کی برآمدات کا سلسلہ باقاعدہ طور پر شروع ہو جائے گا۔ لیبیا کی تیل کی تنصیبات کی حفاظت پر مامور سیکورٹی دستوں نے، جو دیگر مسلح گروہوں کی مانند عمل کرتے ہیں، گذشتہ ڈیڑھ برس سے تیل کی برآمدات کو روک دیا تھا۔ لیبیا کی قومی آئل کمپنی کے مطابق سیکورٹی اور سیاسی مسائل کے اعتبار سے ابھی کچھ رکاوٹیں موجود ہیں کہ جنہیں دور کئے جانے کی ضرورت ہے۔ عالمی منڈی میں تیل کی مانگ میں کمی کے باوجود لیبیا کی جانب سے تیل کی سپلائی کے عمل سے ایندھن کی قیمتوں میں مذید کمی کی توقع کی جا رہی ہے۔ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں گراوٹ کا رجحان دو ہزار چودہ کے وسط میں شروع ہوا تھا جو اب بھی جاری ہے۔ لیبیا کا برآمداتی کوٹہ روزانہ چار لاکھ بیرل مقرر ہے، تاہم بتایا جاتا ہے کہ اس میں آئندہ دو ہفتوں کے دوران ایک لاکھ پچاس ہزار بیرل کا اضافہ کردیا جائے گا۔ دیگر گروہوں کے ساتھ مذاکرات کی کامیابی کی صورت میں لیبیا، روزانہ نولاکھ بیرل خام تیل برآمد کرنے کی پوزیشن میں آجائے گا۔