ایران: فضائی بیڑے کی جدید کاری
اسلامی جمہوریہ ایران کے فضائی بیڑے کی بڑی تیزی کے ساتھ جدید کاری جاری ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے ٹرانپسورٹ اور شہری ترقی کے وزیر عباس آخوندی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ نئے طیاروں کی خریداری کے ذریعے اسلامی جمہوریہ ایران کے فضائی بڑے کو جدید خطوط پر ڈھالا جا رہا ہے۔ جعمرات کے روز ایران کے صوبے لرستان میں ہونے والے ایک اجلاس سے خطاب کے دوران عباس آخوندی کا کہنا تھا کہ ایران کے فضائی بیڑے کی جدید کاری کے لئے بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دسیوں مسافر بردار طیارے آئندہ چند برسوں میں شہری ہوا بازی کے شعبے کے حوالے کر دیئے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کی فضائی حدود استعمال کرنے والے طیاروں کی تعداد میں روز بروز اضافے کا مشاہدہ کیا جا رہا ہے۔ عباس آخوندی کا کہنا تھا کہ اس وقت خطے کے تمام اسلامی ممالک آشوب اور بحران سے دوچار ہیں، تاہم ایران میں پورے طور پر امن و استحکام برقرار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسی بناء پر ایران کی فضائی حدود کو استعمال کرنے والی کمرشل پروازوں کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے۔ عباس آخوندی نے اس کے ساتھ ہی ایشیاء میں جہاز رانی اور ریلوے ٹریک کے ذریعے رابطے کی خاطر بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کو ضروری قرار دیا۔