ایران کے تیل کی پیداوار میں 12 ہزار بیرل یومیہ کا اضافہ
تیل برآمد کرنے والے ملکوں کی تنظیم اوپیک کے مطابق رواں سال جولائی کے مہینے میں ایران کی تیل کی پیداوار میں بارہ ہزار بیرل یومیہ کا اضافہ ہوا ہے۔
اوپیک کی جاری کردہ ماہانہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جولائی کے مہینے میں ایران کی تیل کی پیداوار چھتیس لاکھ انتیس ہزار بیرل یومیہ ہوگئی ہے جو رواں سال جون کے مقابلے میں بارہ ہزار بیرل زیادہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق رواں سال کی پہلی سہ ماہی میں تیل کی عالمی طلب نو کروڑ اکتیس لاکھ ساٹھ ہزار بیرل یومیہ تھی جبکہ دوسرے ماہی میں بڑھ کر نوکروڑ چونتس لاکھ چالیس ہزار بیرل یومیہ ہوگئی ہے۔ توقع کی جارہی ہے کہ سال کی تیسری سہ ماہی میں تیل کی عالمی طلب نوکروڑ باون لاکھ بیس ہزار بیرل یومیہ تک پہنچ جائے گی۔
ایران کی نیشنل آئل کمپنی کے عالمی امور کے ڈائریکٹر محسن قمصری نے اپنے ایک حالیہ بیان میں کہا ہے کہ ایران نے عالمی منڈیوں میں اپنا اسی فی صد کوٹہ دوبارہ حاصل کر لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سن دو ہزار اکیس تک ایران کے تیل و مائع گیس کی مجموعی پیداوار اٹھاون ملین بیرل یومیہ تک پہنچ جائے گی۔
واضح رہے کہ ایران نے چالیس لاکھ بیرل یومیہ تیل برآمد کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔