رہبر انقلاب اسلامی سے اعلیٰ قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری کی ملاقات
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای سے اعلیٰ سلامتی کونسل کے سیکریٹری میجر جنرل محسن رضائی نے ملاقات کی ہے جس میں رہبر انقلاب نے جنگ کے خاتمے کے لئے ایران کی شرائط کی تکمیل پر زور دیا ہے۔
سحرنیو/ایران: ارنا کی رپورٹ کے مطابق رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای نے دشمن کے بے دست و پا ہو جانے کو قومی استقامت کے نتائج میں سے ایک قرار دیا اور ملک و نظام کے دفاع میں عوام کی مسلسل شرکت باقی رکھنے کے لیے فعال اور بروقت اطلاع رسانی پر زور دیا۔
قومی اتحاد و یکجہتی اور عوام و حکام کے درمیان باہمی اعتماد کی تقویت، ملک کے مسائل کے حل کو آسان اور تیز رفتار بنانے کے مقصد سے صدر اور انتظامی اداروں کی مدد کے لیے آئین، خصوصاً اس کی دفعہ 176 سے استفادہ، آبنائے ہرمز کے مینجمنٹ کے ذریعے قومی اور علاقائی سلامتی کی حفاظت اور پائیدار و باہمی مفادات کی بنیاد پر ہمسایہ ممالک کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کا استحکام، اس ملاقات میں زیر بحث آنے والے دیگر اہم موضوعات تھے۔
آپ نے جنگ اور "نہ جنگ، نہ امن" کی صورت حال کے خاتمے کے مقصد سے ملک کے حکام کی جانب سے پیش کردہ شرائط پر عمل درآمد کے ذریعے ایرانی قوم اور مزاحمتی محاذ کے حقوق و مفادات کے حصول کے لیے کوششیں جاری رکھنے کی بھی تاکید فرمائی۔
اس ملاقات میں اعلیٰ قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری میجر جنرل محسن رضائی نے مختلف شعبوں میں ملک کی صورت حال اور جاری کوششوں کے بارے میں ایک رپورٹ رہبر انقلاب اسلامی کی خدمت میں پیش کی۔
انھوں نے اپنی رپورٹ میں قومی سلامتی کی اعلیٰ کونسل کے سیکریٹرئیٹ کی جانب سے علاقے میں اندرونی طور پر تشکیل پانے والے سیکورٹی میکینزم کو منظم کرنے کی اسلامی جمہوریہ ایران کی اسٹریٹجک پالیسی کے سلسلے میں جاری اقدامات کی بھی تشریح کی۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel