ہندوستان کا چابہار کی طرف بڑے بحری جہاز بھیجنے پر اتفاق
افغانستان کے چیمبر آف کامرس کے سربراہ نے کہا ہے کہ ہندوستان نے ایران کی بندرگاہ چابہار کے لئے بڑے بحری جہاز چلانے پر اتفاق کیا ہے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق خانجان الکوزی نے پیر کے دن کہا کہ ہندوستان نے ایران اور افغانستان کے ساتھ مذاکرات میں یہ اتفاق کیا ہے کہ وہ چابہار کے لئے بڑے بڑے بحری جہاز روانہ کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لئے جہازوں کی روانگی اور مصنوعات کی ٹرانزٹ اور اس بندرگاہ سے برآمدات چابہار بندرگاہ کی رونق کا سبب بنے گی۔
انہوں نے ایران اور چابہار آزاد علاقے کے حکام سے اپیل کی کہ اس علاقے کے اقتصادی کوڈ لینے کا اقدام کریں تا کہ انٹرنیشنل روٹ پر چلنے والے جہاز اس بندرگاہ پر رک سکیں۔ انہوں نے ایرانی حکام سے یہ بھی اپیل کی کہ چابہار بندرگاہ کے انفرا اسٹرکچر کو بہتر بنائیں اور اسکی گنجائش بھی بڑھائیں تا کہ بڑے بحری جہاز اس بندرگاہ پر لنگر انداز ہو سکیں۔
افغانستان کے چیمبر آف کامرس کے سربراہ نے کہا کہ افغانستان سے سب سے قریب بندرگاہ چابہار بندرگاہ ہے اور اس بندرگاہ سے نہ صرف ایران اور افغانستان بلکہ سارے علاقے کو فائدہ پہنچے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان کے راستے مرکزی ایشیا کے لئے ہندوستان کی تجارت میں مشکلات پیش آ گئی ہیں اور ہندوستان بھی اب چابہار بندرگاہ سے استفادہ کرنا چاہتا ہے۔