ایران کو ایئربس طیارے فروخت کرنے کی اجازت
امریکی حکومت نے ایئر بس کمپنی کے سترہ طیارے ایران کو فروخت کرنے کا اجازت نامہ جاری کر دیا ہے
روئٹرز نے باخبر ذرائع کے حوالے سے خبردی ہےکہ امریکی حکومت نے مغربی ملکوں کی کمپنیوں کو اس بات کی اجازت دے دی ہے کہ وہ ایران کو مسافر طیارے فروخت کریں - ایران کی نیوز ایجنسی تسنیم نے روئٹرز کے حوالے سے خبردی ہے کہ امریکی وزارت خزانہ نے ایسے دو اجازت نامے جاری کردئے ہیں جن کے مطابق ایران کو مغربی ملکوں کی کمپنیوں منجملہ ایئر بس کے طیارے فروخت کئے جاسکیں گے- خبروں میں بتایا گیا ہے کہ آئندہ چند روز میں بوئینگ کمپنی کو بھی اپنے طیارے ایران کو فروخت کرنے کی اجازت مل جائے گی - اس درمیان ایئربس کمپنی کے ترجمان نے اس بات کی تصدیق کردی ہے کہ اس کمپنی کو ایران کے ہاتھوں سترہ طیارے فروخت کرنے کے اجازت نامے موصول ہوئے ہیں - اگرچہ ایئربس کوئی امریکی کمپنی نہیں ہے لیکن چونکہ اس طیارے میں استعمال ہونے والے بہت سے پرزے امریکی کمپنیوں کے ہیں اس لئے اس کمپنی کو طیارے فروخت کرنے کے لئے امریکا سے اجازت لینی ہوتی ہے - ایران اپنے ہوائی بیڑے کی تقویت کے لئے گذشتہ برس ہونے والے ایٹمی معاہدے کے بعد سے ہی ایئربس اور بوئینگ سے مجموعی طور پر ایک سو مسافر طیارے خریدنے یا لیز پر لینے کی کوشش کررہا ہے