ایران اور جرمنی کے درمیان تعاون کے سمجھوتے
اسلامی جمہوریہ ایران اور جرمنی نے مختلف شعبوں میں تعاون کے دس سمجھوتوں پر دستخط کئے ہیں۔
پیر کو تہران میں اسلامی جمہوریہ ایران اور جرمنی کے مشترکہ کمیشن کے پانچویں اجلاس میں دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے دس سمجھوتوں پر دستخط ہوئے ہیں۔ دونوں ملکوں کے مشترکہ کمیشن کے اجلاس میں اسلامی جمہوریہ ایران کے وفد کی قیادت ایران کے وزیر اقتصاد و خزانہ اور جرمنی کے وفد کی قیادت اس ملک کے وزیر مالیات و توانائی نے کی۔
اسلامی جمہوریہ ایران اور جرمنی نے باہمی تعاون کے جن سمجھوتوں پر دستخط کئے ہیں، ان میں سرمایہ کاری، اقتصاد اوربینکاری ، بینکنگ کی ٹیکنیکل اور ٹریننگ سے متعلق سروسز ، صنعت و تجارت، تیل گیس اور توانائی، سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے میں تجربات کے تبادلے اور تیل گیس نیز پیٹروکیمیکل صنعت میں استعمال ہونے والے آلات کی تیاری میں تعاون کے سمجھوتے شامل ہیں۔
ان میں سے پانچ سمجھوتوں پر دونوں ملکوں کے وزرائے خزانہ و مالیات نے دستخط کئے ہیں جبکہ پانچ سمجھوتے دونوں ملکوں کے پرائیویٹ سیکٹر کے درمیان انجام پائے ہیں۔