ہرات میں ایران اور افغانستان کی مشترکہ تجارتی نمائش
https://urdu.sahartv.ir/news/echonomic_news-i256084-ہرات_میں_ایران_اور_افغانستان_کی_مشترکہ_تجارتی_نمائش
اسلامی جمہوریہ ایران اور افغانستان کی دسویں مشترکہ تجارتی نمائش کا منگل کو افغانستان کے مغربی شہر ہرات میں افتتاح ہوا۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Nov ۰۱, ۲۰۱۶ ۱۳:۰۸ Asia/Tehran
  • ہرات میں ایران اور افغانستان کی مشترکہ تجارتی نمائش

اسلامی جمہوریہ ایران اور افغانستان کی دسویں مشترکہ تجارتی نمائش کا منگل کو افغانستان کے مغربی شہر ہرات میں افتتاح ہوا۔

ایران اور افغانستان کی مشترکہ تجارتی نمائش کی افتتاحی تقریب میں افغانستان کے صوبہ ہرات اور ایران کے صوبہ خراسان رضوی کے گورنروں نے شرکت کی- اس مشترکہ تجارتی نمائش میں ایران کے صوبہ خراسان رضوی کی پانچ تجارتی کمپنیاں اور افغانستان کے صوبہ ہرات کی پندرہ کمپنیاں اپنی مصنوعات پیش کر رہی ہیں-

صوبہ خراسان رضوی کے گورنر علی رضا رشیدیان ایک  اقتصادی وفد کے ہمرا اتوار کو ہی افغانستان کے شہر ہرات پہنچ گئے تھے- انہوں نے ہرات میں اپنے قیام کے دوران صوبہ ہرات کے گورنر محمد آصف رحیمی اور دیگر صوبائی حکام سے باہمی دلچسپی کے امور اور تعاون میں توسیع پر بات چیت کی تھی-

مذکورہ نمائش کی افتتاحی تقریب سے قبل ہرات اور خراسان رضوی صوبوں کے گورنروں اور افغان تاجروں کے درمیان سہ فریقی اجلاس بھی ہوا جس میں دونوں ملکوں کے تجارتی تعلقات کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینے کے طریقوں کا جائزہ لیا گیا- افغانستان کے صوبہ ہرات کے ایوان صنعت و تجارت کے سربراہ سعد خطیبی نے کہاکہ دونوں ملکوں کے سرحدی صوبوں کے درمیان تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کی راہ میں پائی جانے والی کچھ رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے مشہد اور ہرات کی ایک مشترکہ خصوصی کمیٹی تشکیل دی جانی چاہئے۔