پاکستان میں 1000 اور 5000 کے کرنسی نوٹوں پر پابندی کی تجویز
پاکستان کی اپوزیشن جماعت پیپلز پارٹی نے ایک ہزار اور پانچ ہزار کےکرنسی نوٹوں پر پابندی کی تجویز باضابطہ طور پر پیش کر دی ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر عثمان سیف اللہ خان نے سینیٹ میں تحریک پیش کی ہے کہ ملک میں منی لانڈرنگ اور کرپشن میں کمی کے لیے ایک ہزار اور پانچ ہزار کے نوٹوں کے استعمال پر پابندی لگادی جائے۔ایوان میں بیان دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بڑے نوٹوں کے منی لانڈرنگ اور کرپشن میں استعمال ہونے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔ہندوستان کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں بڑے کرنسی نوٹوں کی حوصلہ شکنی کی جارہی ہے اور یورپ میں پانچ سو یورو کا نوٹ مارکیٹ میں لے کر جانے پر پوچھ گچھ کی جاتی ہے۔ پاکستان کی سینیٹ میں یہ تحریک ایک ایسے وقت میں پیش کی گئی ہے جب گزشتہ دونوں ہندوستانی حکومت نے پانچ سو اور ایک ہزار روپے کے نوٹوں کا استعمال بند کردیا ہے۔حکومت ہندوستان کو توقع ہے کہ اس اقدام سے کالے دھن اور کرپشن کو روکنے میں مدد ملے گی۔