گوادر کی بندرگاہ سے برآمدات کا باضابطہ آغاز
https://urdu.sahartv.ir/news/echonomic_news-i257905-گوادر_کی_بندرگاہ_سے_برآمدات_کا_باضابطہ_آغاز
پاکستان نے پاک چین اکنامک کوریڈور منصوبے کے تحت تعمیر ہونے والے جیو اسٹریٹیجک بندرگاہ گوادر پورٹ کا باضابطہ افتتاح کر دیا ہے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Nov ۱۳, ۲۰۱۶ ۱۳:۴۸ Asia/Tehran
  • گوادر کی بندرگاہ سے برآمدات کا باضابطہ آغاز

پاکستان نے پاک چین اکنامک کوریڈور منصوبے کے تحت تعمیر ہونے والے جیو اسٹریٹیجک بندرگاہ گوادر پورٹ کا باضابطہ افتتاح کر دیا ہے۔

اس موقع پر منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے جیو اسٹریٹیجک مقام کو جیو اکنامک حب بنانا چاہتا ہے۔ پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف، بلوچستان کے گورنر محمد خان اچکزئی، وزیراعلی نواب ثناء اللہ زہری اور پاکستان میں تعینات مختلف ملکوں کے سفرا بھی اس تقریب میں موجود تھے۔ پاکستان کے وزیر اعظم نے کہا کہ ان کی حکومت پاک چین اکنامک کوریڈور کے تمام منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہر ممکن کوشش کرے گی اور کسی بھی صوبے کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔

پاک چین اکنامک کوریڈور منصوبے کے تحت تیار ہونے والی گوادر بندرگاہ کا ایک منظر

​​پاک چین اکنامک کوریڈور منصوبے کے تحت تیار ہونے والی گوادر بندرگاہ کا ایک منظر

یاد رہے کہ گذشتہ روز پاک چین اکنامک کوریڈور منصوبے کے تحت چین سے کنٹینروں کے قافلے کو انتہائی سخت  حفاظتی انتظامات میں بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر پہنچایا گیا تھا۔کنٹینروں کا یہ قافلہ یکم نومبر کو چین سے پاکستان میں داخل ہوا تھا۔ چینی کنٹینروں کے ذریعے لایا گیا سامان مشرق وسطی اور افریقہ کے ممالک کو بھیجا جائے گا جسے لے جانے کے لیے چین کا ایک بحری جہاز پہلے ہی گوادر پہنچ چکا ہے۔