عوام نوٹوں کی تبدیلی کےحوالے سے تشویش برقرار
https://urdu.sahartv.ir/news/echonomic_news-i258730-عوام_نوٹوں_کی_تبدیلی_کےحوالے_سے_تشویش_برقرار
ہندوستان میں نوٹوں کی تبدیلی کے حوالے سے عوام میں پریشانی اور بے چینی برقرار ہے-
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Nov ۱۹, ۲۰۱۶ ۱۲:۵۹ Asia/Tehran
  • عوام نوٹوں کی تبدیلی  کےحوالے سے تشویش برقرار

ہندوستان میں نوٹوں کی تبدیلی کے حوالے سے عوام میں پریشانی اور بے چینی برقرار ہے-

ہندوستان سے موصولہ رپورٹ کے مطابق شہریوں کے لئے کچھ رعایات اور کسٹمرز کو اپنے اکاؤنٹ والی بینک کی شاخ میں ہی نوٹ تبدیل کرنے تک محدود کر نے کے اقدام سے آج بڑی کرنسیوں کی منسوخی کے گیارہویں دن، بینکوں میں لوگوں کی بھیڑ دوسرے دنوں سے نسبتا کم نظر آئی لیکن اے ٹی ایم پر پہلے جیسا ہی برا حال رہا۔ نئے نوٹ لینے کے لئے اے ٹی ایم کے باہر ہر جگہ لوگوں کی لمبی لائن لگی رہی۔ انڈین بینک ایسوسی ایشن کی جانب سے کل رات اعلان کیا گیا تھا کہ ہفتے کے روز سے ہر بینک صرف اپنے یہاں کھاتہ رکھنے والے صارفین کے نوٹ بدلے گا-

ادھر ہندوستان میں مودی حکومت کے اہم اتحادی شیوسینا نے کانگریس کے لیڈر غلام نبی آزاد کے اس بیان کی حمایت کی ہے جس میں آزاد نے نوٹ بندی پر بی جے پی پر حملے کرتے ہوئے نوٹوں پر پابندی سے ہونے والی موتوں کی نسبت اوڑی حملے میں مرنے والوں سے کی تھی - بی جے پی کی سب سے دیرینہ حمایتی پارٹی شیوسینا نے کہا ہے کہ غلام نبی آزاد کی جانب سے نوٹوں پر تبصرے کی بابت معافی کا مطالبہ کرنے سے سچائی نہیں بدل جائے گی - غور طلب ہے کہ بی جے پی نے اپنے خلاف بیان پر آزاد سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا تھا لیکن کانگریس کے لیڈر نے اس مطالبے کو ٹھکرا دیا - شیوسینا کے اخبار سامنا نے لکھا ہے اوڑی حملے میں تو بیس جوان شہید ہوئے تھے جنہیں پاکستانیوں نے مارا ، مگر نوٹوں کے معاملے میں ملک کے چالیس لوگوں کی جانیں ضائع ہوچکی ہیں-

دوسری جانب وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے کہا ہے کہ ایک ہزار روپے اور پانچ سو روپے کے پرانے نوٹوں کومنسوخ کرنے کے حکومت کے فیصلے سے بینکوں کے پاس صنعتوں کو سستا قرض دینے کے لئے کافی سرمایہ آیا ہے جس سے معیشت کو رفتار ملے گی۔ مسٹر جیٹلی نے جمعہ کی رات ایک پروگرام میں کہا، ’’مختصر مدت اور درمیانی مدت میں اس سے بینکوں کے پاس سرمائے میں اضافہ ہوا ہے ۔اس سے سستے سرمایہ کی عدم موجودگی میں برسرپیکار انفراسٹرکچر اور مینوفیکچرنگ کے شعبے کو رفتار ملے گی اور معیشت کی ترقی کی شرح بھی  بہتر ہوگی‘‘۔