پاکستان جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے، ہندوستان کا الزام
Aug ۰۱, ۲۰۱۵ ۱۶:۵۹ Asia/Tehran
ہندوستان کے وزیر دفاع نے دعوی کیا ہے کہ سن دو ہزار تیرہ میں پاکستان نے تین سو چوہتّر بار سرحدوں کی خلاف ورزی کی ہے-
ہندوستان کے وزیر دفاع نے کہا ہے کہ پاکستان نے سن دو ہزار پندرہ کے آغاز سے اب تک سرحدی علاقوں پر ایک سو ننّانوے بار فائر بندی کی خلاف ورزی کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ سن دو ہزار تیرہ میں پاکستان نے تین سو چوہتّر بار سرحدوں کی خلاف ورزی کی جبکہ یہ تعداد سن دو ہزار چودہ میں بڑھ کر پانچ سو تراسی تک جا پہنچی۔ ہندوستان کے وزیر دفاع کا یہ بیان ایسی صورت میں سامنے آیا ہے کہ سن دو ہزار تین میں دونوں ممالک نے کشمیر میں فائر بندی کے معاہدے پر دستخط کئے ہیں، تاہم کچھ عرصے کے دوران دونوں ممالک کے فوجیوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے واقعات میں ایکبار پھر اضافہ ہوا ہے۔ ہندوستان اور پاکستان، دونوں ہی ممالک کی جانب سے ایک دوسرے پر فائر بندی کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا جاتا رہا ہے۔ ہندوستانی ذرائع کے مطابق پاکستان کے فوجیوں کی جانب سے چند روز قبل بھی کشمیر کی کنٹرول لائن پر ہندوستان کی متعدد چیک پوسٹوں کو فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔ ہندوستانی عہدے داروں نے فائرنگ میں پہل کا ذمہ دار بھی پاکستانی فوجیوں کو قرار دیا جبکہ پاکستان کا کہنا ہے کہ ہندوستان کے فوجیوں کی جانب سے فائر بندی کی خلاف ورزی کی جاتی ہے۔