لیبیا میں اغوا شدہ شہریوں کی رہائی کے لئے کوشاں ہیں، ہندوستان
Aug ۰۱, ۲۰۱۵ ۱۷:۰۹ Asia/Tehran
ہندوستان کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ لیبیا میں اغوا شدہ دو شہریوں کی رہائی کے لئے تمام تر کوششیں بروئے کار لائی جائیں گی۔
رپورٹوں کے مطابق ہندوستان کی وزیر خارجہ سشما سوراج نے کہا ہے کہ ہندوستان کی حکومت، لیبیا سے اپنے ملک کے ان دو شہریوں کو چھڑانے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے جنہیں داعش سے وابستہ دہشت گردوں نے اغوا کر لیا۔ انہوں نے لیبیا میں مقیم تمام ہندوستانی شہریوں سے اپیل کی ہے کہ جلد از جلد اس ملک سے نکل جائیں۔ واضح رہے کہ داعش دہشت گرد عناصر نے چار ہندوستانی شہریوں کو اغوا کر لیا تھا تاہم دو افراد کو انھوں نے رہا کر دیا جبکہ باقی دو افراد ابھی لاپتہ بتائے جاتے ہیں۔ کچھ عرصے قبل لیبیا میں پینسٹھ ہندوستانی نرسیں بھی اغوا کر لی گئی تھیں۔ دوسری جانب عراق کے شہر موصل میں کام کرنے والے چالیس ہندوستانی مزدوروں کا بھی کوئی سراغ نہیں مل سکا ہے۔ دریں اثنا ہندوستان کی وزارت داخلہ نے داعش دہشت گرد گروہ کی جانب سے لاحق خطرات کو لیکر ہفتے کے دن ایک سیکورٹی نشست منعقد کی ہے۔