ایران: بنیادی تنصیبات کے منصوبوں میں ہندوستان کی شرکت کا خیر مقدم
Aug ۰۴, ۲۰۱۵ ۱۱:۳۱ Asia/Tehran
ہندوستان میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر غلام رضا انصاری نے کہا ہے کہ ایران بنیادی تنصیبات کے منصوبوں میں ہندوستان کی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرتا ہے-
غلام رضا انصاری نے نئی دہلی میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور ہندوستان جنوب مشرقی ایران میں واقع اسٹریٹیجک چابہار بندرگاہ کی توسیع سمیت علاقے کے بڑے بڑے مواصلاتی منصوبوں پر عمل درآمد کے سلسلے میں تعاون کر سکتے ہیں- غلام رضا انصاری نے ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان ہونے والے ایٹمی معاہدے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور ہندوستان کے تعلقات میں زیادہ سے زیادہ فروغ کا مناسب موقع میسر آ گیا ہے- انہوں نے ایران، پاکستان، ہندوستان گیس پائپ لائن منصوبے کے احیا کے بارے میں کہا کہ پہلے ہندوستان اور پاکستان اس سلسلے میں اپنے اختلافات کو دور کریں اور پھر گیس پائپ لائن پر عمل درآمد کے بارے میں فیصلہ کریں- ہندوستان میں ایران کے سفیر نے داعش گروہ کو خطے اور دنیا کے لئے ایک بڑا خطرہ قرار دیا اور اس دہشت گرد گروہ سے مقابلے کے لئے ایران اور ہندوستان کے درمیان تعاون کی ضرورت پر زور دیا-