امام خمینی کی شان میں گستاخی کے خلاف ہندوستانی طلبہ کا مظاہرہ
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i195973-امام_خمینی_کی_شان_میں_گستاخی_کے_خلاف_ہندوستانی_طلبہ_کا_مظاہرہ
اسلامی جمہوریہ ایران کے مقدس شہر قم میں ہندوستانی طالب علموں نے اپنے ملک کے ایک اخبار میں امام خمینی (رح) کی شان میں کی جانے والی گستاخی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Aug ۰۴, ۲۰۱۵ ۱۱:۳۱ Asia/Tehran
  • امام خمینی کی شان میں گستاخی کے خلاف ہندوستانی طلبہ کا مظاہرہ

اسلامی جمہوریہ ایران کے مقدس شہر قم میں ہندوستانی طالب علموں نے اپنے ملک کے ایک اخبار میں امام خمینی (رح) کی شان میں کی جانے والی گستاخی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔

مہر خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ایران کے مقدس شہر قم میں واقع جامعہ المصطفی العالمیہ میں زیر تعلیم ہندوستانی طالب علموں نے ایک ہندوستانی اخبار کے خلاف مدرسہ فقہ و معارف اسلامی میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی رح کی شان میں گستاخی کرنے والے ہندوستان کے اس کثیر الاشاعت اخبار کے صحافیوں کو کیفرکردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا۔ جامعہ المصطفی کے دو ممتاز ہندوستانی علما سید عاکف زیدی اور سید نجیب الحسن زیدی نے بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رح) کی شان میں گستاخی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس میں ملوث عناصر کے خلاف ٹھوس کارروائی کئے جانے کی ضرورت پر تاکید کی۔ حجت الاسلام سید جواد رضوی نے اس موقع پر نامہ نگاروں سے گفتگو کے دوران حضرت امام خمینی (رح) کو اسلامی دنیا کی سب سے عظیم سیاسی اور مذہبی شخصیت قرار دیا اور کہا کہ اگرچہ معافی مانگ لی گئی ہے لیکن حضرت امام خمینی (رح) کی شخصیت کی عظمت کے پیش نظر صرف معمولی انداز میں معافی مانگ لینے سے یہ گھناؤنا اقدام معاف نہیں کیا جاسکتا ہے۔ حجت الاسلام سید جواد رضوی نے امام خمینی (رح) کی شان میں گستاخی کرنے والے عناصر اور نامہ نگار کو اس اخبار کی نوکری سے نکالنے کا مطالبہ بھی کیا اور کہا کہ ہندوستان کے چالیس سے زیادہ شہروں کے مسلمانوں اور طلبہ نے اس گھٹیا اور پست اقدام کے خلاف اپنا رد عمل ظاہر کیا ہے۔