ہندوستان کی جیلوں سے سولہ پاکستانی شہری رہا
Aug ۰۸, ۲۰۱۵ ۱۷:۴۳ Asia/Tehran
ہندوستانی حکومت نے سولہ پاکستانی قیدیوں کو رہا کر دیا ہے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق ہندوستانی حکام نے کہا ہے کہ انہوں نے ان سولہ پاکستانی قیدیوں کو آزاد کر دیا ہے جو غیر قانونی طور پر ہندوستانی کی سمندری حدود میں داخل ہوئے تھے۔ ان سولہ افراد میں نو ماہی گیر ہیں۔ ان افراد کو ہفتے کے دن رہا کیا گیا اور واہگہ بارڈر پر پاکستانی حکام کے حوالے کیا جائے گا۔ ہندوستان میں قائم پاکستان کے ہائی کمیشن نے بھی ان سولہ افراد کی رہائی کی خبر کی تصدیق کر دی ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان نے گزشتہ ہفتے پیر کے دن غیر قانونی طور پر پاکستانی کی آبی حدود میں داخل ہونے والے ہندوستان کے ایک سو ترسٹھ ماہی گیروں کو جذبہ خیرسگالی کے تحت رہا کیا تھا۔ ان افراد کو ایسے عالم میں رہا کیا گیا ہے کہ جب پاکستان اور ہندوستان کے قومی سلامتی کے مشیروں کے درمیان مذاکرات ہونے کا امکان پایا جاتا ہے اور ممنکہ طور پر پاکستانی وزیر اعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی اور خارجہ امور سرتاج عزیز نئی دہلی میں تیئیس اگست کو ہونے والے مذاکرات میں شریک ہوں گے لیکن پاکستانی حکومت نے ابھی تک اس سلسلے میں اپنے حتمی فیصلے کا اعلان نہیں کیا ہے۔