ہندوستان: دو ہزار پندرہ میں تیرہ ارب ڈالر کے زر مبادلہ کی بچت
Aug ۰۹, ۲۰۱۵ ۱۷:۴۷ Asia/Tehran
ہندوستان کو سنہ دو ہزار پندرہ کے دوران عالمی منڈیوں میں تیل کی قیمت کم ہونے کی بنا پر تیرہ ارب ڈالر کے زر مبادلہ کی بچت ہو گی۔
ہندوستان سے شائع ہونے والے اخبار بزنس اسٹینڈرڈ نے اپنی رپورٹ میں لکھا ہے کہ ہندوستان کو سنہ دو ہزار پندرہ کے دوران عالمی منڈیوں میں تیل کی قیمت کم ہونے کی بنا پر اٹھاسی ہزار آٹھ سو کروڑ روپے یعنی تیرہ ارب ڈالر کے زر مبادلہ کی بچت ہو گی۔ ہندوستان کے ماہر اقتصادیات روی چندرن نے کہا ہے کہ حکومت نے رواں سال کے مالی بجٹ میں خام تیل کی قیمت ستر ڈالر فی بیرل مدنظر رکھی ہے اور اگر تیل کی قیمت میں کمی کا سلسلہ جاری رہا تو ہندوستان کی تیل درآمد کرنے والی کمپنیوں کے اخراجات میں اٹھتر ہزار کروڑ یعنی بارہ ارب ڈالر کی بچت ہو گی۔ روی چندرن کا مزید کہنا تھا کہ یہ امر حکومت کی سبسڈی کے اخراجات میں دس ہزار آٹھ سو کروڑ روپے یعنی ایک اعشاریہ چھ نو ایک ارب ڈالر کی بچت کا سبب بنے گا۔ واضح رہے کہ ہندوستان نے گزشتہ برس ایک سو بارہ ارب ڈالر کی مالیت کا ایک سو نواسی ملین ٹن خام تیل درآمد کیا تھا۔ ہندوستان کو اپنی تیز رفتار اقتصادی ترقی کی وجہ سے توانائی کی درآمدات کی شدید ضرورت ہے۔