ہندوستان، چابہار بندرگاہ میں کیمیاوی کھاد کی فیکٹری لگانے کے لئے کوشاں
Aug ۱۰, ۲۰۱۵ ۰۴:۵۲ Asia/Tehran
ہندوستان، ایران کے صوبہ سیستان و بلوچستان کی چابہار بندرگاہ میں کیمیکل کھاد کی فیکٹری کھولنے کے لئے ایرانی پارٹنر کی تلاش ہے-
ارنا کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے ایک اعلی سرکاری عہدیدار نے اعلان کیا ہے کہ نئی دہلی نے راشٹریہ کیمیکلز اینڈ فرٹیلائزر، گجرات نرمدا والی فرٹیلائیزرز اینڈ کیمیکلز اور گجرات اسٹیٹ فرٹیلائزر اینڈ کیمیکل کمپنیوں کو چابہار بندرگاہ میں تیرہ لاکھ ٹن یوریا تیار کرنے کی فیکٹری لگانے کا منصوبہ پیش کیا ہے- ایک باخبر ذریعے کا کہنا ہے کہ ہندوستانی حکومت کو اس پروجیکٹ پر عمل درآمد کے لئے اس وقت ایک ایرانی پارٹنر کی تلاش ہے- درایں اثنا اطلاعات ہیں کہ آئندہ مہینے ہندوستان کا ایک اعلی سطحی وفد ایران کا دورہ کرے گا- پروگرام کے مطابق ایران اور ہندوستان، چابہار بندرگاہ پر قدرتی گیس سے یوریا تیار کرنے کی فیکٹری لگائیں گے- ہندوستان ہرسال اسّی لاکھ ٹن یوریا، بیرون ملک سے درآمد کرتا ہے- ہندوستان میں یوریا کا استعمال، دوسری کھادوں کے مقابلے میں بہت زیادہ ہے- ایران اور ہندوستان اس پروجیکٹ کے لئے دو ہزار تیرہ سے گفتگو کر رہے ہیں لیکن اس فیکٹری میں استعمال ہونے والی گیس کی قیمت پر اختلاف کے باعث مذاکرات کا سلسلہ رک گیا تھا- ہندوستانی حکام مستقل معینہ قیمت پر گیس حاصل کرنے کا معاہدہ کرنا چاہتے ہیں جس کے باعث مذاکرات اب تک نتیجہ خیز واقع نہیں ہو سکے ہیں-