ایرانی وزیر خارجہ کی ہندوستانی حکام سے ملاقاتیں
Aug ۱۴, ۲۰۱۵ ۰۸:۲۳ Asia/Tehran
اسلامی جمہوریہ ایران نے ہندوستان کے اعلی حکام سے دوجانبہ تعلقات اور علاقائی و بین الاقوامی حالات پر تبادلہ خیال کیا ہے-
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے جمعے کے روز ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر خارجہ سشما سوراج اور وزیر ٹرانسپورٹ نتن گٹکری سے الگ الگ ملاقات کی- محمد جواد ظریف نے نریندر مودی کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں علاقے کے حالات اور ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان ہونے والے ایٹمی معاہدے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے خطے کے تعلقات میں ہمیشہ مؤثر اور تعمیری کردار ادا کیا ہے اور وہ خطے کی سیکورٹی کی حمایت کرتا ہے- انہوں نے تشدد، انتہا پسندی اور داعش گروہ کی دہشت گردی کو خطے اور دنیا کے لئے غیر معمولی اور سنگین خطرہ قرار دیا اور کہا کہ اس لعنت سے مقابلے کے لئے عالمی عزم اور مختلف ممالک کے درمیان تعاون کی ضرورت ہے- اس ملاقات میں ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی نے ایران اور ہندوسنتان کے وسیع اور گہرے تعلقات کی طرف اشارہ کربے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ نئے حالات میں دونوں ملکوں کے درمیان سیاسی و اقتصادی تعلقات میں وسعت آئے گی- انہوں نے کہا کہ ہندوستان چابہار بندرگاہ کی توسیع سمیت ایران کے اقتصادی منصوبوں پر عمل درآمد میں تعاون کے لئے تیار ہے- نریندر مودی نے روس کے شہر اوفا میں اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی کے ساتھ ہونے والی اپنی حالیہ ملاقات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی صدر بھی دونوں ممالک کے تعلقات میں توسیع کے خواہاں ہیں- رپورٹ کے مطابق محمد جواد ظریف جمعے کی شام کو ہندوستان کے نائـب صدر اور قومی سلامتی کے مشیر سے بھی الگ الگ ملاقات کریں گے- وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نئی دہلی میں ایرانی سفارت خانے میں پریس کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے-