ایران کے ساتھ تعاون، ہندوستان کی معیشت میں ترقی
Aug ۱۴, ۲۰۱۵ ۱۷:۳۲ Asia/Tehran
ہندوستان کے وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا ہے کہ ہندوستان اور ایران کے درمیان مختلف شعبوں بالخصوص چابہار بندرگاہ میں توسیع سے متعلق تعاون سے ہندوستان کی معیشت مزید ترقی کرے گی۔
پی ٹی آئی کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے وزیر ٹرانسپورٹ نیتن گڈکری نے جمعے کو اس نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چابہار بندرگاہ میں توسیع لانے کے لئے ایران کی تجویز قابل ذکر اہمیت کی حامل ہے اور تہران کے ساتھ نئی دہلی کے تعاون میں فروغ سے ہندوستان کے تجارتی اور صنعتی شعبوں میں مزید ترقی ہو گی۔ اس رپورٹ کے مطابق نتین گڈکری نے کہا کہ ایران نے چابہار بندرگاہ کی توسیع کے لئے دو تجویزیں پیش کی ہیں اور ان تجویزوں کے بارے میں وزارت خارجہ اور وزیر اعظم نریندر مودی سے گفتگو کی جائے گی اور اس بارے میں فیصلے کئے جائیں گے۔ نتین گڈکری نے ہندوستان اور ایران کے مذاکرات کو نتیجہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ نئی دہلی کو ان تجاویز پر عمل کے نتیجے کافی فائدہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی صنعت میں مزید توسیع آئے گی اور چابہار بندرگاہ میں ہندوستانیوں کے لئے روزگار کے کافی مواقع فراہم ہوں گے جس سے اقتصادی ترقی ہو گی۔ واضح رہے کہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف جمعے کی رات نئی دہلی پہنچے تھے۔ انہوں نے نئی دہلی ایر پورٹ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کے دورہ ہندوستان کا اہم ترین مقصد ایران اور ہندوستان کے دو طرفہ تعلقات میں توسیع لانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایٹمی معاہدے کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں توسیع لانے کا مناسب موقع فراہم ہوا ہے۔