ہندوستان میں انہترواں جشن آزادی، عوام پرجوش
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i196473-ہندوستان_میں_انہترواں_جشن_آزادی_عوام_پرجوش
ہندوستان میں آج انہترواں جشن آزادی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے-
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Aug ۱۵, ۲۰۱۵ ۰۵:۵۷ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں انہترواں جشن آزادی، عوام پرجوش

ہندوستان میں آج انہترواں جشن آزادی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے-

موصولہ رپورٹ کے مطابق پورے ہندوستان میں آج یوم آزادی قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے اور جشن آزادی کی خضوصی تقاریب کا انعقاد کیا گیا ہے- جشن آزادی کی مرکزی تقریب دارالحکومت دہلی میں منعقد ہوئی جہاں تاریخی لال قلعہ سے وزیراعظم نریندر مودی نے قوم سے خطاب کیا- نریندر مودی نے لال قلعہ پہنچنے کے بعد قومی پرچم لہرایا اور ان کو روایتی طور پر گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا- لال قلعہ کی فصیل سے تقریر کرتے ہوئے نریندرمودی نے کہا کہ یہ کوئی عام صبح نہیں ہے بلکہ سوا ارب ہندوستانیوں کے خوابوں اور امیدوں کی صبح ہے- انہوں نے کہا کہ اخوت اور باہمی اتحاد ملک کا سرمایہ ہے اور اسے نقصان نہیں پہنچنا چاہئے- ہندوسنتانی وزیراعظم نے اپنی تقریر میں ذات پات اور فرقہ پرستی کے جنون کو ختم کرنے پر زور دیا- ان کا کہنا تھا کہ اتحاد ملک کی طاقت ہے اور اگر اتحاد ٹوٹا تو لوگوں کے خواب بھی ٹوٹ جائیں گے- لال قلعہ پر منعقد ہونے والی خصوصی تقریب میں سابق وزیراعظم، وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ، وزیر خارجہ سشما سوراج اور وزیر خزانہ ارون جیٹلی بھی موجود تھے- ہندوستان کے مختلف علاقوں میں جشن آزادی کی تقاریب کے پیش نظر حفاظت کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں- سب سے زیادہ سخت حفاظی انتظامات دہلی میں، خاص طور سے لال قلعہ کے آس پاس، دیکھنے میں آئے- دہلی شہر میں چالیس ہزار سیکورٹی اہلکار تعینات کئے گئے ہیں-