ہندوستان، ہزاروں دیہاتوں کو بجلی فراہم کرنے کا وعدہ
Aug ۱۵, ۲۰۱۵ ۱۱:۲۹ Asia/Tehran
ہندوستان کے وزیر اعظم نے ہزاروں دیہاتوں تک بجلی پہچائے جانے پر تاکید کی ہے-
رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے سنیچر کو ہندوستان کے انہتر ویں یوم آزادی کے موقع پر وعدہ کیا ہے کہ آئندہ ایک ہزار دنوں میں اٹھارہ ہزار پانچ سو دیہاتوں کو بجلی فراہم کر دی جائے گی- انھوں نے ہزاروں دیہاتوں کے بجلی سے محروم ہونے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ وعدہ کرتے ہیں کہ یہ مسئلہ، آئندہ ایک ہزار دنوں میں حل ہو جائے گا- نریندر مودی نے وعدہ کیا کہ وہ ہندوستان میں محروم ترین دیہاتوں کو معمول کی زندگی گذارنے کے لئے ابتدائی وسائل فراہم کریں گے- واضح رہے کہ ہندوستان کے یوم آزادی کی تقریبات میں قومی پرچم لہرایا گیا اور ثقافتی پروگرام منعقد کئے گئے- ہندوستان، پندرہ اگست انیس سو سینتالیس کو برطانوی سامراج سے آزاد ہوا تھا-