ہندوستان میں پاکستانی ہائی کمشنر کی وزارت خارجہ میں طلبی
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i196541-ہندوستان_میں_پاکستانی_ہائی_کمشنر_کی_وزارت_خارجہ_میں_طلبی
ہندوستان کی وزارت خارجہ نے اتوار کے روز کشمیر کی کنٹرول لائن پر عام شہریوں قتل کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے، نئی دہلی میں پاکستان کے ہائی کمشنر کو طلب کر لیا-
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Aug ۱۶, ۲۰۱۵ ۱۴:۲۴ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں پاکستانی ہائی کمشنر کی وزارت خارجہ میں طلبی

ہندوستان کی وزارت خارجہ نے اتوار کے روز کشمیر کی کنٹرول لائن پر عام شہریوں قتل کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے، نئی دہلی میں پاکستان کے ہائی کمشنر کو طلب کر لیا-

ہندوستان کی وزارت خارجہ نے ایک بیان جاری کر کے جولائی اور اگست کے مہینوں میں کشمیر کی کنٹرول لائن پر فائر بندی کی خلاف ورزی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس سلسلے میں پاکستان کے ہائی کمشنر سے وضاحت طلب کی ہے- رپورٹ کے مطابق اتوار کے روز کشمیر کی کنٹرول لائن پر ہندوستان اور پاکستان کی بارڈر سیکورٹی فورسز کی جانب سے فائرنگ کے تبادلے میں کم سے کم آٹھ افراد ہلاک ہوئے ہیں- سنیجر کو بھی کشمیر کی کنٹرول لائن پر ہونے والی گولہ باری میں چار افراد ہلاک ہوگئے تھے- اس رپورٹ کے مطابق ایک پاکستانی عہدیدار نے، جس کا نام رپورٹ میں ذکر نہیں کیا گیا ہے، کہا ہے کہ پاکستان کے صوبہ پنجاب میں سیالکوٹ کے قریب ایک علاقے پر ہندوستانی فوجیوں کی بلااشتعال فائرنگ میں تین بچے اور دو خواتین زخمی ہو گئیں- اس عہدیدار کے مطابق اس فائرنگ کے بعد پاکستان کی بارڈر سیکورٹی فورس نے بھی جوابی کارروائی کرتے ہوئے کنٹرول لائن پر ہندوستانی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا- دوسری جانب ہندوستان کے وزیر دفاع منوہر پاریکر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ دو ہزار تیرہ میں پاکستان کی جانب سے جنگ بندی کی تین سو چوہتّر بار خلاف ورزی کی گئی جو گذشتہ برس کے اختتام تک پانچ سو تراسی تک جا پہنچی- انھوں نے دعوی کیا کہ پاکستان، رواں سال میں اب تک ایک سو ننّانوے بار فائر بندی کی خلاف ورزی کر چکا ہے- قابل ذکر ہے کہ ہندوستان اور پاکستان نے دو ہزار تین میں کشمیر کے علاقے میں فائر بندی کے معاہدے پر دستخط کئے ہیں لیکن دونوں ملکوں کی بارڈر سیکورٹی فورسز کی جانب سے فائرنگ کا تبادلہ بدستور جاری ہے- پاکستان اور ہندوستان کے درمیان اس طرح کی کشیدگی کے باوجود ہندوستانی ذرائع ابلاغ نے حکومت کی جانب سے پاکستان کے ساتھ امن مذاکرات کے انعقاد کی کوششوں کی خبر دی ہے- اس رپورٹ کے مطابق یہ مذاکرات، قومی سلامتی اور خارجہ امور میں پاکستان کے وزیر اعظم کے مشیر سرتاج عزیز اور ہندوستان کی قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول کے درمیان نئی دہلی میں ہوں گے-