ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں متعدد کشمیری رہنما نظر بند
Aug ۲۰, ۲۰۱۵ ۱۱:۳۵ Asia/Tehran
ہندوستانی حکومت نے کشمیر میں کئی کشمیری رہنماؤں کو نظر بند کر دیا ہے۔
نئی دہلی سے اسپوٹنک خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے سرکاری ذرائع نے جمعرات کے دن کہا ہے کہ جموں کشمیر کے حکام نے سری نگر میں مخالف کشمیری رہنما یاسین ملک کو گرفتار جبکہ میر واعظ عمر فاروق اور سید علی گیلانی کو ان کے گھروں میں نظر بند کر دیا ہے۔ مقامی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق یہ فیصلہ نئی دہلی میں قائم پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے کشمیری رہنماؤں کو پاکستانی وزیر اعظم کے مشیر برائے خارجہ امور اور قومی سلامتی سرتاج عزیز کے ساتھ ملاقات کی دعوت دیئے جانے کے بعد کیا گیا۔ کشمیری رہنماؤں کو نظر بند کرنے کے بعد پولیس نے حریت راہنما آسیہ اندرابی کے گھر پر بھی چھاپا مارا ہے- واضح رہے کہ سرتاج عزیز تیئیس اور چوبیس اگست کو نئی دہلی میں اپنے ہندوستانی ہم منصب اجیت ڈوول سے ملاقات اور مذاکرات کریں گے-