ہندوستان کی جانب سے افغانستان کے ساتھ اسٹریٹیجک نشست کا انعقاد مسترد
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i197183-ہندوستان_کی_جانب_سے_افغانستان_کے_ساتھ_اسٹریٹیجک_نشست_کا_انعقاد_مسترد
ہندوستان نے افغانستان کے سیکورٹی موقف میں تبدیلی اور پاکستان کے ساتھ اس کی قربت کے باعث، اسٹریٹیجک اجلاس منعقد کرنے کی درخواست مسترد کر دی ہے-
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Aug ۲۹, ۲۰۱۵ ۱۵:۳۸ Asia/Tehran
  • ہندوستان کی جانب سے افغانستان کے ساتھ اسٹریٹیجک نشست کا انعقاد مسترد

ہندوستان نے افغانستان کے سیکورٹی موقف میں تبدیلی اور پاکستان کے ساتھ اس کی قربت کے باعث، اسٹریٹیجک اجلاس منعقد کرنے کی درخواست مسترد کر دی ہے-

انگریزی اخبار ہندو نے سنیچر کو سفارتی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ نئی دہلی حکومت، ہندوستان اور افغانستان کے درمیان دو طرفہ اسٹریٹیجک اجلاس منعقد نہیں کرے گی- ہندوستان اور افغانستان کے مابین اسٹریٹیجک اجلاس میں دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ حصہ لیتے ہیں- ہندوستانی حکومت کے مطابق وزیرخارجہ سشما سوراج آئندہ مہینے افغانستان کے ساتھ علاقائی اقتصادی تعاون کانفرنس میں بھی شرکت نہیں کریں گی ان کی جگہ اس کانفرنس میں اقتصادی امور میں وزیر خارجہ کی مشیر سوجاتا مہتا شرکت کریں گی- یہ ایسے عالم میں ہے کہ یہ کانفرنس وزرائے خارجہ کی سطح پر منعقد ہوتی ہے اور اس میں ایران اور پاکستان جیسے ممالک بھی شرکت کرتے ہیں- ہندوستان اور افغانستان نے دو ہزار گیارہ میں اسٹریٹیجک تعاون کے معاہدے پر دستخط کئے تھے اور اسٹریٹیجک تعاون کی کونسل بھی تشکیل دی تھی جس کے اجلاس بھی منعقد ہوتے رہے ہیں- افغان حکام نے اس اسٹریٹیجک اجلاس کے انعقاد میں تاخیر پر تشویش ظاہر کی ہے- افغانستان، ہندوستان سے اب تک تین بار سرکاری سطح پر اس اجلاس کے انعقاد کا تقاضا کر چکا ہے- ماہرین کا خیال ہے کہ افغانستان میں اشرف غنی کے برسراقتدار آنے کے بعد اسلام آباد اور کابل کے تعلقات میں گرمجوشی، پاکستان کے اعلی کمانڈروں کے افغانستان کے دورے اور کئی معاہدوں پر دستخط ، ہندوستان کے لئے باعث تشویش ہیں-