نئی دہلی: اندرا گاندھی ایئرپورٹ پر طیارے میں بم کی جھوٹی افواہ
نئی دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر بم کی افواہ کے بعد کاٹھمنڈو جانے والی دو پروازوں کو روک دیا گیا۔
ہندوستانی میڈیا رپوٹوں کے مطابق اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے میں جیٹ ایئرویز کے سیکورٹی عملے کے پاس کسی نامعلوم شخص کا فون آیا جس میں کہا گیا کہ ایئرانڈیا کی فلائٹ دو سو پندرہ اور جیٹ ایئرویز کی فلائٹ نائن ڈبیلو دو سو ساٹھ میں بم رکھے گئے ہیں۔ یہ دونوں ہی پروازیں ایک بج کر پندرہ منٹ اور ایک بجکر تیس منٹ پر نیپال کے دارالحکومت کاٹھمنڈو کے لئے پرواز کرنے والی تھیں مگر دونوں کو فوری طور پر پرواز سے روک دیا گیا۔
اس سے پہلے گذشتہ سنیچر کو بھی جیٹ ایئر ویز کی اسی فلائٹ میں بم کی افواہ کے بعد اس فلائٹ کو چھے گھنٹے تاخیر سے پرواز کی اجازت دی گئی تھی جبکہ فون کا دعوی جھوٹا نکلا تھا۔ بدھ کو دونوں پروازوں کے مسافروں کو طیاروں سے نیچے اتار کر ان کے سامان کی تلاشی لی گئی لیکن اس فون کال کا دعوی بھی جھوٹا ثابت ہوا اور دونوں ہی پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں -