ہندوستان: رائے گڑھ کے سمندر میں چودہ طلبہ ڈوب گئے
ہندوستان کی ریاست مہاراشٹرا کے شہر رائے گڑھ کے ساحل پر چودہ طلبا سمندری لہروں میں پھنس کر ڈوب گئے۔
رائے گڑھ کے مروڈ ساحل پر یہ دردناک حادثہ اس وقت پیش آیا جب ساحل پر پکنک منانے میں مصروف ایک کالج کے طلبا سمندری لہروں کی لپیٹ میں آ گئے- اس حادثے میں کم سے کم چودہ طلبا کی موت واقع ہو گئی ہے جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ مرنےوالوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے-
رائے گڑھ کے مقامی حکام کا کہنا ہے کہ پونے کے پی اے انعام دار کالج کے ایک سو تیس طلبا پیر کو تین بسوں میں رائے گڑھ کے مروڈ ساحل پر پکنک منانے آئے تھے- بحیرہ عرب کے ساحل پر نہاتے وقت سمندری لہروں نے اچانک متعدد طلبا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا- پولیس اور امدادی ٹیموں کو حادثے کی فوری طور پر اطلاع دی گئی- امدادی ٹیموں نے چودہ طلبا کی لاشیں سمندر سے باہر نکال لیں تاہم کم سے کم چار طلبا ابھی بھی لاپتہ ہیں۔ مرنےوالوں میں تین طالبات بھی شامل ہیں- رائے گڑھ کا علاقہ ممبئی شہر سے ایک سو پچاس کلومیٹر دور ہے۔