دہشت گردوں کے حامیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے: ہندوستان
ہندوستان نے دہشت گردوں کی حمایت کرنے والے ملکوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے
ہندوستان کی قومی سلامتی کے امور کے مشیر اجیت ڈوبال نے پٹھان کوٹ ایئربیس پر دہشت گردانہ حملے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جب حکومتیں اپنے سیاسی اہداف کے حصول کے لئے ہتھار اور وسائل غیرذمہ دار عناصر کے حوالے کریں گی تو ان کے اس قسم کے اقدامات کانتیجہ اسی شکل میں برآمد ہوگا - انہوں نے جمعے کو اپنے ایک بیان میں کہا کہ دنیا گیارہ ستمبر کے واقعے کے بعد دہشت گردی کے خلاف متحد ہوئی تھی لیکن دہشت گردی میں مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے - ہندوستان کی قومی سلامتی کے امور کے مشیر نے کہا کہ اگر دنیا کے ممالک دہشت گردی کا مقابلہ اور اس کو شکست دینا چـاہتے ہیں تو انہیں دہشت گردوں کی حمایت بند کرنی ہوگی - واضح رہے کہ پٹھان کوٹ ایئربیس پر دہشت گردانہ حملے کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے درمیان خارجہ سکریٹریوں کی سطح کے مذاکرات جو پندرہ جنوری کو ہونے والے تھے ملتوی ہوگئے - ہندوستان نے اس سے پہلے کہا تھا کہ مذاکرات کی بحالی اسی وقت ممکن ہوگی جب پٹھان کوٹ پر حملے کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور دہشت گرد گروہ جیش محمد کے تربیتی مراکز کو بند کرد یا جائے گا - پٹھان کوٹ حملے کے بعد حکومت پاکستان نے جیش محمد کے دفاتر سیل کردئے تھے - اور اس کے متعدد کارکنوں کو گرفتار کرلیا ہے - جبکہ جیش محمد کے سرغنہ مسعود اظہر کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے-