ہندوستان، ٹرین سے ایک فوجی افسر لاپتہ ہو گیا
Feb ۱۰, ۲۰۱۶ ۱۵:۴۵ Asia/Tehran
ہندوستان کے ایک فوجی افسر کے چلتی ٹرین سے لاپتہ ہو جانے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔
لاپتہ ہوجانے والے ہندوستانی فوج کے پچیس سالہ افسر کیپٹن شیکھر دیپ ریاست بہار کے شہر کٹیہار سے نئی دہلی کے لئے ٹرین میں سوار ہوئے لیکن وہ نئی دہلی نہیں پہنچے۔ مذکورہ فوجی افسر کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ شیکھر دیپ جموں میں تعینات تھے اور ایک مہینے کی چھٹی گذارنے کے بعد چھے فروری کو واپس جموں جانے کے لئے کٹیہار سے نئی دہلی کے لئے مہانند ایکسپریس میں سوار ہوئے اور اسی دوران وہ لاپتہ ہو گئے۔ مذکورہ فوجی کے گھر والوں کا کہنا ہے کہ چھے فروری کی رات تک کیپٹن شیکھر دیپ سے موبائل پر بات ہوئی تھی۔ ان کے اہل خانہ نے برونی ریل تھانے میں ایف آئی آر درج کرا دی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے معاملے کی چھان بین شروع کر دی ہے۔