برف کے نیچے سے نکالا جانے والا ہندوستانی فوجی چل بسا
سیاچین میں چھے روز تک پچیس فٹ برف کے نیچے پھنسے رہنے کے بعد زندہ نکالا جانے والا ہندوستانی فوجی ہنومن تپا نئی دہلی کے ایک فوجی اسپتال میں بالآخر دم توڑ گیا۔
ہندوستانی فوجی جوان لانس نائیک ہنومن تپا نے جمعرات کو دو پہر گیارہ بج کر پینتالیس پر اپنی زندگی کی آخری سانس لی۔ ڈاکٹروں نے ان کی جان بچانے ہر ممکن کوشش کی لیکن وہ اپنی کاوشوں میں کامیاب نہ ہو سکے۔ اس کے جسم کے کئی اعضائے رئیسہ نے کام کرنا بند کر دیا تھا اور جمعرات کی صبح وہ گہرے کوما میں چلا گیا تھا۔ اس فوجی جوان کے انتقال پر ہندوستان کی اہم شخصیات نے اسے خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ ہندوستانی وزیر دفاع منوہر پاریکر، فوج کے سربراہ دلبیر سنگھ سہاگ، بحریہ کے سربراہ رابن کے دھون اور فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل اروپ راہا کے علاوہ دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال اور کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی نے ہنومن تپا کے جنازے پر حاضری دے کر اسے خراج عقیدت پیش کیا۔ اب ان کی میت ریاست کرناٹک کے دھرواڑ ضلع میں ان کے آبائی گاؤں پہنچائی جا رہی ہے جہاں جمعے کو فوجی اور سرکاری اعزاز کے ساتھ ان کی آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔