امریکی سفیر کو ہندوستان کی وزارت خارجہ میں طلب کر لیا گیا
ہندوستان کی وزارت خارجہ نے امریکی سفیر کو طلب کر کے پاکستان کو ایف سولہ طیاروں کی فروخت کے فیصلے پر سخت احتجاج کیا ہے۔
ہندوستان کی وزارت خارجہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق سیکریٹری خارجہ ایس جے شنکر نے امریکی سفیر رچرڈ ورما کو طلب کرکے انہیں ہندوستان کے موقف سے آگاہ کیا۔ ہندوستان کا الزام ہے کہ سرحد پار دہشت گردی کے حوالے سے پاکستان کا ماضی کسی سے پوشیدہ نہیں ہے لہذا پاکستان کو ایف سولہ طیاروں کی فروخت سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کوئی مدد نہیں ملے گی۔ اس سے پہلے امریکی وزارت دفاع کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا تھا کہ جنوبی ایشیا میں ایک اسٹریٹیجک پارٹنر کی حثیت سے پاکستان کی سیکورٹی میں اضافے کی غرض سے ایف سولہ طیاروں کی فراہمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پینٹاگون کے جاری کردہ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ایف سولہ طیاروں کی فراہمی سے دہشت گردی کے خلاف جنگ اور درپیش سیکورٹی خدشات کے حوالے سے پاکستان کی دفاعی توانائی میں اضافہ ضرور ہو گا تاہم اس سے خطے میں طاقت کے توازن پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ ہندوستان کئی بار پاکستان پر دہشت گردی کی حمایت کے الزامات عائد کرچکا ہے جبکہ پاکستان ہندوستان کے الزامات کو مسترد کرتا ہے۔