ہندوستان: جاٹ برادری کے مظاہروں کا سلسلہ پیر کو بھی جاری رہا
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i212845-ہندوستان_جاٹ_برادری_کے_مظاہروں_کا_سلسلہ_پیر_کو_بھی_جاری_رہا
ہندوستان کی ریاست ہریانہ میں جاٹ برادری کے پر تشدد مظاہروں کا سلسلہ پیر کو بھی جاری رہا ۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Feb ۲۲, ۲۰۱۶ ۱۷:۴۵ Asia/Tehran
  • ہندوستان: جاٹ برادری کے مظاہروں کا سلسلہ پیر کو بھی جاری رہا

ہندوستان کی ریاست ہریانہ میں جاٹ برادری کے پر تشدد مظاہروں کا سلسلہ پیر کو بھی جاری رہا ۔

جاٹ برادری کے لوگوں نے ریزرویشن کے لئے پرتشدد تحریک ایسی حالت میں جاری رکھی ہے کہ مرکزی حکومت نے جاٹ برادری کو ریزوریشن دینے کے لئے ایک اعلی سطحی کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کردیا ہے۔

ان مظاہروں کے دوران بڑے پیمانے پر توڑپھوڑ اور جلاؤ گھراؤ کے واقعات پیش آئے - خبروں میں بتایا گیاہے کہ جاٹ برادری کے مظاہروں میں اب تک مرنےوالوں کی تعداد بارہ ہوگئی ہے - اطلاعات ہیں کہ دہلی کے قریب سونی پت کے علاقے گنور میں مشتعل مظاہرین نے ایک مال گاڑی کو آگ لگادی - خبروں میں یہ بھی کہا جارہاہے کہ مظاہروں کی وجہ سے انبالہ روٹ پر پنجاب اور ہماچل پردیش سے دہلی جانےوالی ستر ٹرینوں کو منسوخ کرنا پڑا - ہریانہ کے ہسار علاقے میں بھی مظاہرین اور سیکورٹی فورس کے درمیان تصادم ہوا -کیتھل کے علاقے میں ہزاروں افراد کی بھیڑ نے ایک خاص برادری سے تعلق رکھنےوالوں کے گھروں پر حملہ کردیا اور توڑ پھوڑ کی - مظاہرین نے پدما سٹی مال میں بھی شیشے توڑ دیئے اور موٹرسائیکلوں کو آگ لگادی - ریاست کے نو شہروں میں کرفیونافذ ہے اور صورتحال پر قابو پانے کے لئے پولیس کے ساتھ ساتھ فوج بھی پوری طرح سرگرم ہے - حساس شہروں میں فوج نے ایک بار پھر فلیگ مارچ کیا ہے - ریاست ہریانہ میں جاٹ برادری کے مظاہروں کا دائرہ ریاست اترپردیش کے مغربی اضلاع میں بھی پھیل گیا جہاں مظاہرین نے ریلوے ٹریک اور سڑکیں بند کردیں - ہندوستان کے مرکزی وزیرداخلہ راج ناتھ سنگھ نے اتوار کی رات اپنے بیان میں کہا تھا کہ حکومت جاٹ برادری کو ریزرویشن دینے کے لئے تیار ہے اس کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے - ان کا کہنا تھا کہ نظم وقانون کی برقراری حکومت کی ذمہ داری ہے- انہوں نے خبردار کیا تھا کہ حکومت نظم وقانون کی برقراری کے لئے سخت قدم بھی اٹھاسکتی ہے - ہندوستانی وزیرداخلہ نے مظاہرین سے کہاکہ وہ پر تشددمظاہروں کا سلسلہ بندکردیں - دوسری جانب جاٹ برادری کے مظاہرین کا کہنا ہے کہ جب تک ریزرویشن دینے کے لئے ٹھوس فارمولا حکومت کی طرف سے پیش نہیں کردیا جاتا اس وقت تک ہمارے مظاہرے جاری رہیں گے - ہریانہ میں پچھلے کئی دنوں سے جاری پرتشدد مظاہروں کے دوران بڑی تعداد میں نجی اور سرکاری املاک کونذرآتش کردیا گیا جن میں روڈویزکی بسیں ٹرینین، ریلوے اسٹیشن، سرکاری عمارتیں دوکانیں، لوگوں کی گاڑیاں اور دیگرپبلک مقامات شامل ہیں- بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ مظاہرین نے کم سے کم ایک ہزارگاڑیوں اور بسوں کو نذرآتش کردیا ہے - دریں اثنا حکومت کا کہناہے کہ اس عرصے میں بارہ سو کروڑ روپئے سے زیادہ کا نقصان ہوچکا ہے –