نئی دہلی میں احتجاجی ریلی
حیدر آباد دکن میں خود کشی کرنے والے دلت طالب علم روہت ویمولا اور غداری کے الزام میں گرفتار جے این یو کی طلبا یونین کے صدر کنہیا کمار کی حمایت میں منگل کو طلبا تنظیموں کی جانب سے دہلی میں ریلی نکالی گئی۔
مختلف طلبا تنظیموں کے ذریعے نکالی گئی اس ریلی میں کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی اور دہلی کے وزیر اعلی کیجری وال نے بھی شرکت کی۔ دہلی کے جنتر منتر پر کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی نے ریلی میں شریک طلبا اور لوگوں کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طلبا کی آواز کو دبایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آر ایس ایس اور بی جے پی چاہتی ہے کہ ملک میں ایک ہی نظریے کی حکمرانی ہو۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت اپنی ناکامیوں پر بات کرنے کو تیار نہیں ہے۔ ریلی میں شریک لوگوں کو خطاب کرتے ہوئے دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجری وال نے وزیر اعظم نریندر مودی کو مشورہ دیا کہ وہ طلبا سے نہ الجھیں۔ انہوں نے کہا کہ جن نوجوانوں نے آپ کو وزیر اعظم بنایا ہے وہ آپ سے ناراض ہو جائیں گے۔ روہت ویمولا اور کنہیا کمار کی حمایت میں نکالی گئی ریلی میں مختلف سیاسی جماعتوں سے وابستہ طلبا تنظیموں کے کارکنوں نے بھی شرکت کی۔ واضح رہے کہ نو فروری کو دہلی کی جے این یو میں ایک متنازعہ پروگرام کے دوران مبینہ طور پر ہندوستان کے خلاف نعرے بازی کی خبریں سامنے آئی تھیں، جس کے بعد حکمراں جماعت کے ایک رکن پارلیمنٹ کی شکایت پر پولیس نے جے این یو کی طلبا یونین کے صدر کنہیا کمار کو مذکورہ پروگرام میں تقریر کرنے اور غداری کے الزام میں گرفتار کر لیا۔ اس واقعے کے بعد ہندوستان کی حکمراں اور اپوزیشن جماعتیں آمنے سامنے آگئی ہیں۔ حکومت کا موقف ہے کہ ملک دشمن سرگرمیوں کو برداشت نہیں کیا جا سکتا جبکہ اپوزیشن جماعتوں کا کہنا ہے کہ حکمراں بی جے پی، طلبا کی آواز کو دبانے کی کوشش کر رہی ہے۔