سیاچن سے فوجیں واپس نہیں بلائیں گے: ہندوستان کے وزیر دفاع
ہندوستان کے وزیر دفاع منوہر پاریکر نے کہا ہے کہ ان کا ملک دنیا کے سب سے بلند محاذ جنگ، سیاچن سے اپنی فوجیں واپس نہیں بلائے گا۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق نئی دہلی میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہندوستان کے وزیر دفاع نے کہا کہ اگر ہم نے سیاچن خالی کیا تو پاکستان اس پر قبضہ کر لے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاچن کا محاذ سوق الجیشی لحاظ سے بہت اہم ہے اور اس کو خالی کرنے کی صورت میں مزید جانیں جا سکتی ہیں۔ ہندوستان کے وزیر دفاع نے اس بات کا اعتراف کیا کہ سیاچن کے علاقے میں پچھلے بتّیس برسوں کے دوران نو سو پندرہ افراد ہلاک ہوئے۔ واضح رہے کہ سیاچن میں اب تک پاکستان اور ہندوستان کے متعدد فوجی اپنی جانیں گواں چکے ہیں۔ پاکستان کا دعوی ہے کہ سیاچن اس کا حصہ ہے اور انیس سو چوراسی میں ہندوستان نے اس پر قبضہ کیا تھا جس کا مقصد پاکستان اور چین کے درمیان رابطے کو کاٹنا تھا۔ اس وقت سے لے کر آج تک یہ مسئلہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان تنازعے کا باعث بنا ہوا ہے۔ اس بلند ترین جگہ سے ہندوستان کا قبضہ ختم کرانے کے سلسلے میں ہندوستان اور پاکستان کی قیادتوں کے درمیان کئی مرتبہ بات چیت ہو چکی ہے لیکن تاحال اس کا کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوسکا ہے۔