پاکستان میں را کے ایجنٹ کی گرفتاری پر ہندوستان کا ردعمل
ہندوستان نے پاکستان کے صوبہ بلوچستان سے گرفتار کئے گئے را کے مبینہ ایجنٹ سے اپنی لاتعلقی ظاہر کی ہے۔
ہندوستانی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ہندوستانی نیوی کا یہ افسر وقت سے پہلے ہی ریٹائرمنٹ لے چکا تھا اس کے بعد سے ہندوستانی حکومت کا اس سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ البتہ ہندوستانی حکومت نے اس بات کو تسلیم کیا ہے کہ گرفتار کیا گیا شخص ہندوستانی شہری ہے۔ ہندوستانی حکومت کا کہنا ہے کہ کسی شخص کے ذاتی فعل کو حکومت سے نہیں جوڑا جا سکتا اور نئی دہلی کو کسی بھی ملک کے داخلی معاملات میں مداخلت میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ واضح رہے کہ پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ جمعرات کو صوبہ بلوچستان میں حساس اداروں نے ایک کارروائی کے دوران ہندوستانی نیوی کے ایک حاضر سروس افسر کو گرفتار کیا ہے۔ پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار کیا گیا شخص ہندوستانی نیوی افسر را کا ایجنٹ ہے۔ پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار کئے گئے شخص نے اپنا نام کلبھوشن بتایا ہے، اور اس کو تفتیش کے لئے اسلام آباد منتقل کر دیا گیا ہے۔ پاکستانی وزرات خارجہ نے بھی جمعے کو اسلام آباد میں ہندوستانی ہائی کمشنر کو طلب کر کے بلوچستان میں را کے مبینہ ایجنٹ کی سرگرمیوں پر احتجاج کیاتھا۔