پاکستانی تحقیقاتی ٹیم کا دورہ پٹھان کوٹ
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i218599-پاکستانی_تحقیقاتی_ٹیم_کا_دورہ_پٹھان_کوٹ
پٹھان کوٹ دہشت گردانہ حملے کی تحقیقات کے لئے ہندوستان جانےوالی پاکستانی تحقیقاتی ٹیم نے پٹھان کوٹ ایئربیس کا دورہ کیا اور حملے کے تعلق سے مختلف مقامات کا معائنہ کیا۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Mar ۲۹, ۲۰۱۶ ۱۱:۰۰ Asia/Tehran
  • پاکستانی تحقیقاتی ٹیم کا دورہ پٹھان کوٹ

پٹھان کوٹ دہشت گردانہ حملے کی تحقیقات کے لئے ہندوستان جانےوالی پاکستانی تحقیقاتی ٹیم نے پٹھان کوٹ ایئربیس کا دورہ کیا اور حملے کے تعلق سے مختلف مقامات کا معائنہ کیا۔

ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق پاکستان کی تحقیقاتی ٹیم کو دہلی سے خصوصی طیارے کے ذریعے امرتسر لے جایا گیا جہاں سے سڑک کے راستے ٹیم کو ایئربیس تک پہنچایا گیا- اس موقع پر پولیس نے ایئر بیس کو گھیرے میں لے رکھا تھا- دو روز قبل پاکستان کی تحقیقاتی ٹیم لاہور سےدہلی پہنچی تھی-

پاکستانی تحقیقاتی ٹیم کی قیادت صوبہ پنجاب کے محکمہ انسداد دہشت گردی کے چیف، ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس محمد طاہر رائے کر رہے ہیں - خبروں میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پاکستانی ٹیم کو پٹھان کوٹ ایئربیس میں ہر جگہ جانے کی اجازت نہیں دی گئی اور معائنے کے مقامات محدود تھے-

دوسری جانب ہندوستان کی بعض اپوزیشن جماعتوں نے پاکستان کی تحقیقاتی ٹیم کے دورہ پٹھان کوٹ پر احتجاجی مظاہرہ کیا ہے- کانگریس پارٹی اور عام آدمی پارٹی کے کارکنوں نے معائنے کے مقام سے کچھ دور پاکستانی تحقیقاتی ٹیم کی ہندوستان اور پھر پٹھان کوٹ آمد پر احتجاج کیا-

واضح رہے کہ جنوری کے آغاز میں پٹھان کوٹ ایئربیس پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے میں متعدد افراد مارے گئے تھے- ہندوستان نے حملے کی ذمہ داری پاکستان میں موجود کالعدم تنظیم جیش محمد پر عائد کی تھی اور حملہ آوروں کے فون نمبرز بھی حکومت پاکستان کے حوالے کئے تھے- حکومت پاکستان نے بھی ان نمبروں کے صحیح ہونے کی تصدیق کی تھی۔